Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

بے نامی اکاونٹس پکڑنے والے ایف بی آر کے افسر پر قاتلانہ حملے کے ملزمان گرفتار

وزیراعلیٰ پنجاب اور آئی جی پنجاب نے فائرنگ کے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے ملزمان کی گرفتاری کا حکم دیا تھا۔ (فوٹو: لاہور پولیس)
پاکستان کے شہر لاہور کی پولیس کے مطابق انہوں نے ایف بی آر کے ڈپٹی کمشنر پر فائرنگ کرنے والے شوٹرز اور سہولت کار کو گرفتار کر لیا ہے۔ 
سی سی پی آفس کے مطابق پولیس نے ڈپٹی کمشنر سلمان بٹ پر فائرنگ کرنے والے دونوں شوٹرز اور سہولت کار کو ایک بڑی کارروائی کے بعد گرفتار کر لیا ہے۔ 
لاہور پولیس کے ایک اعلی افسر نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر اردو نیوز کو بتایا کہ ڈپٹی کمشنر سلمان بٹ پر لاہور میں 27 دسمبر کو اس وقت قاتلانہ حملہ کیا گیا جب وہ مسلم ٹاون کے علاقے سے گزر رہے تھے۔ 
انہوں نے بتایا کہ سلمان بٹ کو کافی عرصے سے دھمکیاں بھی مل رہی تھیں۔
فائرنگ کے واقعے میں سلمان بٹ محفوظ رہے تاہم بڑے پیمانے پر ریاستی اداروں نے ملزمان کی گرفتاری کے لئے تحقیقات کا آغاز کر دیا۔ 
اعلی افسر نے بتایا کہ ’اس حوالے سے پاکستان کی تین بڑی ایجنسیوں نے تحقیقات میں حصہ لیا۔ اس سلسلے میں بڑی پیشررفت سیف سٹی کیمروں کے ذریعے ہوئی۔ شوٹرز اور سہولت کار کی شناخت دوسرے دن ہی ہوگئی تھی لیکن بات کو خفیہ رکھا گیا۔‘
ملزمان کی شناخت ظاہر کرتے ہوئے اعلی افسر نے اردو نیوز کو بتایا کہ ’شوٹرز اعجاز اور موسیٰ مسیح اور ان کو ہائر کرنے والے رانا تفسیر اس وقت پولیس حراست میں ہیں اور ان سے مزید تفتیش جاری ہے۔‘
انہوں نے بتایا کہ واقعے کے مرکزی ملزم عثمان جاوید کی گرفتاری کے لیے بھی چھاپے مارے جا رہے ہیں۔

 ترجمان لاہور پولیس نے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ حملہ آور گرفتار ہو چکے ہیں۔ (فوٹو: لاہور پولیس)

خیال رہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب اور آئی جی پنجاب نے فائرنگ کے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے ملزمان کی گرفتاری کا حکم دیا تھا۔ 
 ترجمان لاہور پولیس نے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ حملہ آور گرفتار ہو چکے ہیں۔ جب کہ سی سی پی او لاہور کیس کی خود نگرانی کر رہے تھے۔ 
یاد رہے کہ سلمان بٹ ایف بی آر کے وہ ڈپٹی کمشنر ہیں جو گذشتہ کئی سالوں سے پاکستان کے طاقتور سیاستدانوں اور بیوروکریٹس کے خلاف بے نامی بینک اکاؤنٹس کی تحقیقات کر رہے ہیں۔ ان کے پاس 15 سے زائد ایسے کیسز ہیں جن میں اربوں روپے کے بینک اکاؤنٹ پکڑے گئے جو کہ فرنٹ مین چلا رہے تھے۔

شیئر: