شہرت کے لیے ہتھیار اٹھانے پر ایک برس قید اور پانچ ہزار ریال جرمانہ
کسی بھی فرد پر ہتھیار اٹھانا قابل سزا جرم ہے- (فوٹو اخبار 24)
ماہر قانون ہلال ابراہیم ابو عماش نے بتایا ہے کہ شہرت حاصل کرنے کے لیے کسی بھی فرد پر ہتھیار اٹھانا قابل سزا جرم ہے- اس پر ایک برس قید اور پانچ ہزار ریال جرمانے کی سزا مقرر ہے-
اخبار 24 کے مطابق ابو عماش نے یہ بات جازان میں ایسے دو سعودی شہریوں کی گرفتاری کے واقعے کے بعد رائے عامہ کو قانونی آگہی فراہم کرنے کے لیے بتائی ہے- جنہوں نے شہرت کے لیے ایک دوسرے پر ہتھیار اٹھائے تھے-
ابو عماش نے بتایا کہ سعودی قانون نے شہرت حاصل کرنے یا ممنوعہ مقاصد کے لیے ہتھیار استعمال کرنے پر سزا مقرر کی ہے- ہتھیار کوئی بھی ہو لائسنس یافتہ ہو یا بغیر لائسنس والا ہو ہر صورت میں سزا ہوگی-
ابو عماش نے بتایا کہ مملکت میں اسلحہ اور گولہ بارود کے قانون کی دفعہ 41 کے بموجب جو شخص بھی لائسنس یافتہ یا بغیر لائسنس یافتہ ہتھیار مشہوری یا کسی ممنوعہ غرض کے لیے کسی پر اٹھائے گا اسے ایک برس تک قید اور پانچ ہزار ریال تک جرمانے کی سزا ہوگی- دونوں میں سے کسی ایک سزا پر بھی اکتفا کیا جاسکتا ہے-
ابو عماش کا کہنا ہے کہ بعض لوگ شہرت کے بھوکے ہوتے ہیں اور وہ اپنی اس خواہش کو پورا کرنے کے لیے فضول قسم کی حرکتوں میں کوئی قباحت محسوس نہیں کرتے-
یاد رہے کہ جازان پولیس نے جمعرات کو دو مقامی شہریوں کو اس وقت گرفتار کرلیا تھا جب انہوں نے سوشل میڈیا پر ممنوعہ طریقے سے ہتھیار استعمال کرنے کی وڈیو شیئر کی تھی- ان کی اس حرکت سے خود ان کی ہی نہیں بلکہ موقع پر موجود دیگر افراد کی زندگی خطرے میں پڑ گئی تھی-
واٹس ایپ پر سعودی عرب کی خبروں کے لیے ”اردو نیوز“ گروپ جوائن کریں