Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

مری میں زیادہ گاڑیاں چلی گئیں، روکنے سے افراتفری پیدا ہوئی: فواد چودھری

وفاقی وزیر اطلاعات فواد چودھری نے کہا ہے کہ ’وزیراعظم عمران خان نے وزیراعلیٰ پنجاب کو مری پہنچنے کی ہدایت کی ہے اور وہ مری روانہ ہوگئے ہیں۔‘
سنیچر کو وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود کے ہمراہ لاہور میں نیوز کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ’ایکسپریس وے کلیئر ہوگئی ہے۔ لوگوں کو نکالنے کا کام جاری ہے۔
انہوں نے کہا کہ ’ 48 گھنٹوں سے کم وقت میں لاکھوں سیاح ان علاقوں میں چلے گئے۔ کم وقت میں زیادہ لوگوں کے آنے سے مسائل پیدا ہوئے۔ اگر کسی کے گھر پانچ ہزار افراد آجائیں تو کیا ہوگا؟
’اس وقت تمام بالائی علاقوں میں اس وقت بہت رش ہے اور اتنی گنجائش نہیں ہے۔ ایک ہفتے سے انتظامیہ کہہ رہی تھی اس علاقے کی طرف نہ جائیں۔‘
’مری میں غیر معمولی برف باری ہوئی ہے اور مسلسل 48 گھنٹوں تک برف باری کا سلسلہ جاری رہا اور اب وہاں صورت حال بہتر ہو رہی ہے۔‘
ایک سوال پر وفاقی وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ ’آئندہ ہمیں چیزوں کو بہتر انداز میں مینیج کرنے اور اس معاملے سے سیکھ کر آگے بڑھنے کی ضرورت ہے۔‘
’افسوس اس معاملے پر بھی سیاست کی جارہی ہے۔ شاہد خاقان عباسی کو اپنے علاقے مری میں ہونا چاہیے تھا اور وہ راولپنڈی میں بیٹھ کر الزام تراشی کررہے ہیں۔
فواد چودھری نے مزید کہا کہ ’آئندہ ہفتے نواز شریف کی واپسی کی ضمانت دینے پر شہباز شریف کے خلاف لاہور ہائی کورٹ میں درخواست دائر کریں گے۔‘

فواد چودھری کا کہنا تھا کہ ’48 گھنٹوں سے کم وقت میں لاکھوں سیاح ان علاقوں میں چلے گئے‘ (فائل فوٹو: اے ایف پی)

 ’شہباز شریف وزیراعظم تو کیا ایم این اے بھی نہیں بن سکیں گے۔پانچ سال کے لیے نااہلی بنتی ہے۔‘
’احتساب کے حوالے سے نواز شریف اور مریم نواز کو سزا ہو چکی ہے، شہباز شریف اور حمزہ شریف کے کیسز عدالتوں میں ہیں۔‘
آصف زرداری سے اومنی اکاﺅنٹس کیس میں 12 ارب روپے سے زائد کی ریکوری ہو چکی ہے۔‘
’اگلے انتخابات کے لیے یہ لیڈرشپ نہیں ہوگی، اگلے 6 سے 8 ماہ کے دوران بڑی بڑی مچھلیاں نااہل ہو جائیں گی۔‘
وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ ’لوگوں کی خواہش تھی کہ احتساب کا عمل زیادہ تیز ہونا چاہیے۔‘

شیئر: