وزیراعلیٰ کا ہیلی کاپٹر اسلام آباد پہنچ گیا، ریسکیو سرگرمیوں میں حصہ لے گا
ہیلی کاپٹر مری میں موسم کی صورت حال بہتر ہونے پر ریسکیو سرگرمیوں میں حصہ لے گا (فوٹو: پنجاب حکومت)
وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کا ہیلی کاپٹر لاہور سے اسلام آباد پہنچ گیا۔
ترجمان وزیراعلیٰ کے مطابق ہیلی کاپٹر مری میں موسم کی صورت حال بہتر ہونے پر ریسکیو سرگرمیوں میں حصہ لے گا۔
وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی زیر صدارت ہنگامی اجلاس میں مری میں پیدا ہونے والی صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
وزیراعلیٰ نے پھنسے ہوئے سیاحوں کو نکالنے کے لیے ریسکیو آپریشن کو تیز کرنے کی ہدایت کی۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ ’مری کو جانے والے تمام راستے بند کر دیے گئے ہیں۔ پنجاب حکومت خیبر پختونخوا حکومت کے ساتھ رابطے میں ہے۔‘
’انہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ رات سے قبل سیاحوں کو نکالنے کے لیے تمام تر وسائل بروئے کار لائے جائیں۔‘
وزیراعلیٰ عثمان بزدار کی ہدایت پر کمشنر آفس راولپنڈی اور پی ڈی ایم اے میں کنٹرول روم قائم کر دیے گئے ہیں۔