وزارت صحت کا کہنا ہے کہ مملکت میں لگائی جانے والی ویکسینز محفوظ ہیں(فوٹو، ٹوئٹر)
وزارت صحت کا کہنا ہے کہ مملکت میں کورونا وائرس سے بچاو کے لیے لگائی جانے والی ویکسینز مکمل طورپرمحفوظ ہیں۔ ویکسینز درآمد کرنے سے قبل متعلقہ اداروں کی جانب سے طبی بنیادوں پرہرطرح سے تسلی کی جاچکی ہے۔
عاجل نیوز کے مطابق وزارت صحت نے عمر کے اعتبار سے ویکسین کی نوعیت کا چارٹ بھی جاری کیا ہے جس کے مطابق 5 سے 11 برس کے بچوں کے لیے ’فائزربائیونیٹک‘ ویکسین کو مخصوص کیاگیا ہے۔
موڈرنا ویکسین کےلیے عمر کی حد 12 برس سے 17 برس متعین کی گئی ہے جبکہ 18 برس اور اس سے زائد عمر کے افراد کے لیے دیگر ویکیسینز فراہم کی جارہی ہیں جن میں اسٹرازائینکا اور جانس اینڈ جانس شامل ہیں۔
وزارت صحت کا مزید کہنا تھا کہ ویکسینز کا مذکورہ چارٹ عمر کے اعتبار سے متعین کیا گیا ہے جو وزارت صحت کے ویکسینیشن سینٹرز کو بھی فراہم کردیا گیا ہے۔
بوسٹرڈوز کے حوالے سے وزارت صحت کا کہنا تھا کہ ویکسین کی تیسری خوراک جسے بوسٹرڈوز کہا جاتا ہے مرض کی شدت اور وائرس کی تبدیل ہونے والی شکلوں سے انسانی جسم کو محفوظ رکھنے میں کافی اہم ہے ۔
بوسٹر ڈوز کا مقصد جسم کی قوت مدافعت کو وائرس کی نئی شکلوں سے محفوظ بنانا ہے۔