سیاحوں کو مشکلات، مری اور گلیات میں مفت کال کی سہولت
مری اور گلیات جانے والے راستے تاحال بند ہیں اور حکام صرف مقامی افراد کو علاقے میں جانے کی اجازت دے رہے ہیں۔ فوٹو: سکرین گریب
پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) نے کہا ہے کہ مری اور گلیات میں ہنگامی صورتحال کو دیکھتے ہوئے وہاں موجود موبائل صارفین کے لیے مفت کال کی سہولت فراہم کی گئی ہے۔
اتوار کو جاری کیے گئے اعلامیے کے مطابق پی ٹی اے کی ہدایت پر ملک میں کام کرنے والے تمام سیلولر فون آپریٹرز نے علاقے میں صارفین کو مفت فون کرنے کی سہولت فراہم کر دی ہے۔
پی ٹی اے کا کہنا ہے کہ مری اور گلیات میں موجود وہ موبائل فون صارفین جن کے پاس فون کال کرنے کا بیلنس ختم ہو چکا ہے اپنے نیٹ ورک پر مفت کال کر سکتے ہیں۔
اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ موبائل فون صارفین اس حوالے سے مزید معلومات کے لیے اپنی سیلولر سروس دینے والی کمپنی کو فون کریں۔
پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی نے ٹیلی کام سروس دینے والی تمام کمپنیوں کو یہ ہدایت بھی کی ہے کہ مری اور گلیات میں بلاتعطل خدمات کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے اور کمپنیاں کسی بھی ہنگامی صورتحال اور بجلی معطل ہونے پر اپنے سسٹم کو چلانے کے لیے مطلوبہ متبادل بروقت مہیا کریں۔
خیال رہے کہ گزشتہ دو دنوں کے دوران مری اور گلیات میں شدید برفباری کے دوران کئی مقامات پر درخت گرنے سے بجلی کا نظام متاثر ہوا ہے جبکہ سیاحوں اور مقامی شہریوں کو مشکلات کا سامنا ہے۔
مری اور گلیات جانے والے راستے تاحال بند ہیں اور حکام صرف مقامی افراد کو علاقے میں جانے کی اجازت دے رہے ہیں۔