لکھنؤ-------پیلی بھیت میں چھی پیان چوراہے پر ہوئے حادثے میں نوجوان کے زخمی ہونے کے بعد معاملے کو فرقہ وارانہ رنگ دینے کی کوشش کی گئی۔ سی او صدر سمیت 2تھانوں کی فورس پہنچی اور ہنگامہ کررہے لوگوں کو ٹھنڈا کیا۔ دونوں فریقوں کے لوگ دیر رات تک تھانے میں اکٹھا ہوکر سمجھوتے کی کوشش کرتے رہے ۔ معاملہ یوں ہے کہ ایک دکاندار کا صرافہ ایسوسی ایشن کے جنرل سیکریٹری شیلی اگروال کے یہاں کام کرنے والے ایک ملازم سے جھگڑا ہوگیا۔ اس پر دکانداروں نے پٹائی کردی۔ اطلاع ملنے پر شیلی اگروال خود پہنچ گئے اور سمجھانے کی کوشش کی لیکن وہاں موجود کچھ لوگ ماننے کو تیار نہیں ہوئے۔ چونکہ دونوں فریقوں کے لوگ الگ الگ فرقے کے تھے اسی لئے دونوں کے لوگ جمع ہوگئے۔ انہی میں سے کچھ شرپسند عناصر نے ماحول کو خراب کرنے کی کوشش کی۔ موقع پر ہی دونوں فریقوں میں ہاتھا پائی کی نوبت آگئی۔ اس دوران ایک فریق نے نعرے بازی بھی کردی ۔معاملہ بگڑتا اس سے قبل ہی کوتوالی خیالی رام آدتیہ فورس کے ساتھ پہنچ گئے اور سبھی کو سمجھانے کی کوشش کی لیکن وہاں بھیڑ نے کوتوال کا گھیرائو کرتے ہوئے نعرے بازی کرنے لگے۔ ہنگامے کی اطلاع ایس پی دیورنجن ورما کو ملی تو سی او صدر نشانک شرما، انسپکٹر ہرگووند سنگھ، یوپی سو کی گاڑی اور فورس پہنچ گئی۔ اس کے بعد دونوں کو وہاں سے ہٹاکر تھانہ لے جانے کی کوشش ہوئی لوگوں کو سمجھاتے ہوئے معاملے کو نہ بگاڑنے کی نصیحت دی۔