Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

فلم اور ڈرامے کے معروف اداکار رشید ناز انتقال کر گئے

رشید ناز نے انڈین فلموں میں بھی اداکاری کی۔ (فوٹو: مدیحہ رضوی/انسٹاگرام)
پاکستانی ڈرامے اور فلم انڈسٹری کے معروف اداکار رشید ناز انتقال کر گئے ہیں۔
پیر کی صبح ان کی بہو مدیحہ رضوی نے انسٹاگرام پر انتقال کی خبر شیئر کی۔
رشید ناز کی عمر 73 برس تھی اور انہوں نے 1971 میں ٹی وی ڈرامے سے اپنے کیریئر کا آغاز کیا تھا۔
انہوں نے پاکستان کی مشہور فلم ’خدا کے لیے‘ میں بھی کام کیا جس کو مداحوں نے سراہا۔
رشید ناز نے انڈین فلموں میں بھی اداکاری کی۔ 
رشید ناز سنہ 1948 میں پشاور میں پیدا ہوئے۔ انہوں نے متعدد پشتو، ہندکو اور اردو ڈراموں میں کام کیا۔
رشید ناز کا پہلا اردو ڈرامہ ’ایک تھا گاؤں‘ پاکستان ٹیلی ویژن پر نشر کیا گیا۔ ’ناموس‘ ڈرامے میں ان کے کردار کو بے حد پسند کیا گیا۔
سنہ 2015 میں رشید ناز نے انڈین فلم ’بے بی‘ میں اداکار اکشے کمار کے ساتھ کام کیا۔ 
سرکاری ٹی وی کے مطابق رشید ناز کی پہلی پشتو فلم ’زما جنگ‘ جبکہ پہلی اردو فلم ’ڈکیت‘ تھی۔
پاکستان کے سرکاری اور نجی ٹی وی چینلز پر نشر کی گئی میوزک ویڈیو ’عشق محبت اپنا پن‘ میں بھی رشید ناز کے کردار کو شائقین نے سراہا۔

شیئر: