پی ٹی وی انگلش پر انگریزی فلمیں، ڈرامے اور موسیقی دکھائی جائے گی: فواد چوہدری
اتوار 16 جنوری 2022 17:46
سوشل ڈیسک -اردو نیوز
وزیر اطلاعات کا کہنا ہے کہ پی ٹی وی انگلش کو انفوٹینمنٹ چینل میں تبدیل کیا جارہا ہے۔ (فائل فوٹو: اے ایف پی)
پاکستان کے وزیر اطلاعات فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ حکومت پاکستان ٹیلیویژن (پی ٹی وی) انگلش کو ایک ’انفوٹینمنٹ‘ چینل میں بدل رہی ہے تاکہ انگریزی ادب کو ملک میں فروغ دیا جاسکے۔
پاکستان کے سرکاری ٹی وی کے مطابق لاہور پریس کلب میں ایک تقریب میں خطاب کرتے ہوئے وزیراطلاعات فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ پی ٹی وی ’انفوٹینمنٹ‘ کے ذریعے پاکستان میں انگریزی ڈراموں، میوزک، فلم اور فنون لطیفہ کو عوام کے سامنے پیش کیا جاسکے گا۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ جو طالب علم شاعری اور ڈرامہ میں دلچسپی رکھتے ہیں ان کی حکومت کی جانب سے معاونت کی جائے گی۔
واضح رہے وزیر اطلاعات ماضی میں بھی ملک میں فلموں، ڈرامے اور موسیقی کے ذریعے پاکستان کے کلچر اور قومی بیانیے کو فروغ دینے کے حوالے سے بات کرتے آئے ہیں۔
پچھلے سال دسمبر میں اسلام آباد میں ایک تقریب کے دوران فواد چوہدری نے کہا تھا کہ سیاسی مباحثے قومی بیانیے کو اس طرح سے فروغ نہیں دیتے جس طرح سے انٹرٹینمنٹ انڈسٹری دے سکتی ہے۔
انہوں نے یہ بھی کہا تھا کہ پاکستان میں فلموں اور ڈراموں کے فروف کے لیے وزارت اطلاعات میں ایک نیا شعبہ قائم کیا گیا ہے جو نئے فلمسازوں کی حوصلہ افزائی کرے گا اور یہی شعبہ مختلف ممالک کے ساتھ مل کر مغل بادشاہ ظہیرالدین بابر، علامہ اقبال اور ٹیپو سلطان پر فلمیں بنارہا ہے۔