Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

تارپیڈو میں چھپی منشیات برآمد

بے آف جبرالٹر...... قانون نافذ کرنے والے ادارے جس طرح جرائم پیشہ افراد کی بیخ کنی کیلئے نت نئے اقدامات پر غور اور عمل کرتے رہتے ہیں اسی طرح جرائم پیشہ افراد جو ذہین ہونے کے ساتھ غلط راہ پر چل پڑے ہیں۔ ارتکاب جرائم کے نت نئے طریقے ڈھونڈ نکالتے ہیں۔ اسی طرح یہاں ایک واقعہ اس وقت دیکھنے میں آیا جب جبرالٹر پولیس نے کولمبیا سے آنے و الے ایک بحری جہاز سے بندھے ہوئے تارپیڈو میں چھپی ہوئی منشیات کی بڑی مقدار برآمد کرلی۔ اس جہازکے ساتھ بندھے تارپیڈو سے 108کلو گرام کوکین برآمد ہوئی ہے جس کی قیمت 65لاکھ پونڈ بتائی جاتی ہے۔ پولیس کا کہناہے کہ یہ تارپیڈو لائبیریا سے تعلق رکھنے و الے ایک جہاز کے پیچھے بندھا ہوا تھا او راسے بطور خاص مذموم مقاصد کیلئے تیار کیا گیا تھا تاہم امریکی ڈرگ انفورسمنٹ ایڈمنسٹریشن کی جانب سے فراہم کردہ اطلاع درست ثابت ہوئی اور چھاپہ کامیاب رہا۔ ماونٹ فیبر نامی اس جہاز سے تعلق رکھنے والے 3افراد کو گرفتار کرلیا گیا ہے جس میں جہاز کا کپتان اور چیف انجینیئر شامل ہے۔ رائل جبرالٹر پولیس کے سپرنٹنڈن آئین میکگرل کا کہنا ہے کہ امریکی خفیہ ادارے کی فراہم کردہ اطلاع پر کام کرتے ہوئے انہوں نے یہ کامیابی حاصل کی ہے۔ کولمبیا سے روانہ ہونے والا یہ جہاز کسی یورپی بندرگاہ کی جانب جاتے ہوئے جبرالٹرکوسٹ گارڈ کی نظروں میں آیا اور متعلقہ عملہ فوری طور پر موقع پر پہنچا اور بیچ سمندر میں اس جہاز پر چڑھ کر اسکی تلاشی لی تو جہاز سے کوئی چیز برآمد نہ ہوئی مگر اسکے ساتھ بندھے تارپیڈو میں منشیات کی بڑی مقدار برآمد ہوئی۔ ماہرین کا کہناہے کہ یہ تارپیڈو بھی خاص ڈیزائن کا ہے اوراسے مذموم مقاصد کیلئے تیار کیا گیا ہے۔ پولیس نے سامان ضبط کرکے گرفتار افراد سے پوچھ گچھ شروع کردی ہے جبکہ دیگر متعلقہ تحقیقات بھی جاری ہیں۔

شیئر: