Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

2021: پاکستان میں سب سے زیادہ کون سی گاڑیاں فروخت ہوئیں؟

اعداد و شمار کے مطابق سوزوکی آلٹو اس وقت پاکستان میں سب سے زیادہ خریدی جانے والی گاڑی ہے(فائل فوٹو: اے ایف پی)
پچھلے برس 2021 کے آخری چھ ماہ میں پاکستان بھر میں سب سے زیادہ فروخت ہونے والی کار سوزوکی آلٹو رہی۔
پاکستان آٹو موٹیو مینوفیکچررز ایسوی ایشن کے مطابق پاکستان میں سال 2021 کے آخری چھ ماہ میں گاڑیوں کی فروخت میں مجموعی طور پر 58 فیصد اضافہ ہوا ہے۔
پاکستان آٹوموٹو مینوفیکچررز ایسوسی ایشن کے اعداد و شمار کے مطابق سال 2021 کے جولائی سے دسمبر تک کے دورانیے میں ملک بھر میں 32 ہزار 388 کاریں فروخت ہوئیں۔
اردو نیوز سے بات کرتے ہوئے پاکستان آٹوموٹیو مینوفیکچررز ایسوسی ایشن کے ترجمان نے گاڑیوں کی فروخت میں اضافے کے حوالے سے بتایا کہ ’اس بار گاڑیوں کی خرید پر جنرل سیلز ٹیکس میں پانچ فیصد کی کمی کی گئی تھی جس کی وجہ سے گاڑیوں کی فروخت میں اضافہ ہوا۔‘
انہوں نے کہا کہ ’کورونا وبا کے باعث 2020 میں معمولات زندگی متاثر ہوئے تھے اور پاکستان میں گاڑیوں کی خرید میں بھی کمی واقعی ہوئی تھی۔ تاہم سال 2021 میں حالات کا معمول کی طرف آنا بھی گاڑیوں کی فروخت میں اضافے کی ایک وجہ ہے۔‘
اس سے قبل وفاقی حکومت نے پچھلے سال جون کے ماہ میں آنے والے سالانہ بجٹ میں گاڑی خریدنے کو آسان بنانے کا دعویٰ کرتے ہوئے فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی کی چھوٹ اور سیلز ٹیکس 17 فیصد سے کم کر کے ساڑھے 12 فیصد کرنے کا اعلان کیا تھا۔ 
سال 2020 کے مقابلے 2021 میں سوزوکی آلٹو کی فروخت میں تقریباً دو گُنا اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ سال 2020 کے آخری چھ ماہ میں پاکستان میں فروخت ہونے والی آلٹو کاروں کی تعداد 16 ہزار 221 تھی جبکہ 2021 کے آخری چھ مہینے میں فروخت ہونے والی سوزکی آلٹو گاڑیوں کی تعداد 32  ہزار 388 رہی۔
پاکستان آٹو موٹو ایسوسی ایشن کی جانب سے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق 1300سی سی گاڑیوں کی کیٹیگری میں سال 2020 میں جولائی سے دسمبر تک کے دورانیے میں فروخت ہونے والی ہونڈا سوک اور سٹی کی تعداد 11 ہزار   958تھی، جبکہ 2021  کے اسی دورانیے میں یہ تعداد بڑھ کر17 ہزار 620  ہوگئی۔
اعداد و شمار کے مطابق ٹیوٹا کورولا بھی ایسی گاڑی رہی جسے پاکستان میں سال 2020  کے مقابلے میں2021  کے آخری چھ ماہ میں دوگُنا زیادہ خریدا گیا۔  پاکستان میں مجموعی طور پر 1300 سی سی گاڑیوں کی فروخت میں 68 فیصد اضافہ ہوا ہے۔

پاکستان میں مجموعی طور پر 1300 سی سی گاڑیوں کی فروخت میں 68 فیصد اضافہ ہوا (فوٹو: اے ایف پی)

اگر 1000 سی سی گاڑیوں کی بات کی جائے تو سوزوکی کلٹس اور ویگن آر کی فروخت میں بھی 2020 کے آخری چھ ماہ کی نسبت 2021 کے آخری چھ ماہ میں دو گنا اضافہ ہوا ہے۔
2020 کے آخری چھ مہینوں میں فروخت ہونے والی سوزکی کلٹس کی تعداد سات ہزار سے زائد تھی، جبکہ سال2021 کے آخری چھ ماہ میں فروخت ہونے والی کلٹس گاڑیوں کی تعداد 14  ہزار سے زائد رہی۔
اسی طرح 1000 سی سی گاڑیوں میں 2020 کے آخری چھ ماہ میں پانچ ہزار سے زائد ویگن آر گاڑیاں فروخت ہوئی تھیں، جبکہ 2021 کے اسی دورانیے میں فروخت ہونے والی ویگن آر گاڑیوں کی تعداد 11 ہزار سے زائد رہی۔
مجموعی طور پر اس دورانیے میں سوزکی کلٹس اور ویگن آر کی پاکستان میں فروخت 49 فیصد تک بڑھی۔

شیئر: