کار ڈیلرزسپئرپارٹس وقت پرفراہم کرنے کے پابند: سعودی وزارت تجارت
وزارت تجارت کے شکایات سینٹرز قائم کیے ہیں(فوٹو، ٹوئٹر)
سعودی وزارت تجارت کا کہنا ہے کہ ضوابط کے مطابق کار ڈیلرز اس امر کے پابند ہیں کہ صارفین کو بعد از فروخت سروس اور مطلوبہ پارٹس کی مستقل بنیادوں پر فراہمی کو یقینی بنائیں۔
اخبار 24 نے وزارت تجارت کے حوالے سے مزید کہا ہے کہ وزارت کے ضوابط کے تحت کار ڈیلرز اس امر کے پابند ہیں کہ وہ فروخت کی جانے والی گاڑیوں کی سروس اور مطلوبہ پارٹس کی فراہمی کو یقینی بنائیں۔
ایسے پارٹس جو ڈیلرز کے پاس دستیاب نہ ہوں انہیں فراہم کرنے کا دورانیہ 14 دن مقرر ہے اس دوران ڈیلرز اس امر کے پابند ہونگے کے وہ اپنے صارفین کو مقررہ مدت تک درکارپارٹس فراہم کریں۔
وزارت تجارت کی ٹیمیں بعدازفروخت سروس اور پارٹس کی مستقل بنیادوں پرفراہمی کو یقینی بنانے کےلیے ڈیلرز کے شورومز کا دورہ کرتی ہیں تاکہ صارفین کو کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
واضح رہے سعودی عرب میں وزارت تجارت کے ضوابط کے مطابق نہ صرف گاڑیاں بلکہ بجلی و الیکٹرانک آلات کی وارنٹی کے دوران بعد از فروخت سروس کے ضوابط پر سختی سے عمل درآمد کراتی ہے تاکہ صارفین کے حقوق کے تحفظ کو یقینی بنایا جائے۔
اس حوالے سے متاثر صارفین کسی بھی تاخیر یا دشواری کی صورت میں وزارت تجارت کے شکایات سیل سے رجوع کر سکتے ہیں جہاں مقررہ ٹیمیں فوری کارروائی کرتے ہوئے مصنوعات کے ڈیلرز سے رابطہ کرکے شکایات کا ازالہ کرواتی ہیں۔