خود کو پولیس اہلکار ظاہر کرکے غیرملکیوں کو لوٹنے والا شامی گرفتار
’گرفتار شدہ شخص نے اپنی گاڑی میں پولیس کی گاڑیوں جیسے جعلی آلات نصب کر رکھے تھے‘ ( فوٹو: ٹوئٹر)
ریاض پولیس نے ایک شامی تارک وطن کو گرفتار کیا ہے جو خود کو پولیس اہلکار ظاہر کرکے غیرملکیوں کو لوٹتا رہا ہے۔
سبق ویب سائٹ کے مطابق گرفتار شخص نے اپنی گاڑی میں پولیس کی گاڑیوں جیسے جعلی آلات نصب کر رکھے تھے۔
ریاض ریجن پولیس نے کہا ہے کہ ’مذکورہ شخص کے بارے میں متعدد افراد سے اطلاع ملی تھی‘۔
’وہ راہ چلتے سادہ لوح غیرملکیوں کو روکتا تھا اور اقامہ وغیرہ طلب کرتا تھا، بعدازاں گرفتاری کے بہانے گاڑی میں بٹھاتا تھا۔‘
’اس کے بعد انہیں رہا کرنے کے لیے رقم کا مطالبہ کرتا تھا جبکہ بعض لوگوں کو اسلحہ کے زور پر لوٹتا تھا۔‘
پولیس نے کہا ہے کہ ’خفیہ پولیس کی معلومات کی بنا پر اس کی شناخت ممکن ہوسکی اور اسے گرفتار کرلیا گیا۔‘
’مذکورہ شخص کی گاڑی ضبط ہوئی ہے نیز اس کے قبضے سے اسلحہ اور گولیاں بھی پکڑی گئی ہیں۔‘