سعودی عرب کی ٹیم نے روس میں منعقدہ ورلڈ کریپٹو اولمپیارڈ میں کانسی کا تمغہ جیتا ہے۔
سرکاری خبر رساں ایس پی اے کے مطابق روس میں ورلڈ کریپٹو اولمپیارڈ کا پہلا راؤنڈ 17 سے 25 اکتوبر2021 کے درمیان منعقد ہوا تھا۔ ابتدائی نتائج کا اعلان دسمبر اور حتمی نتائج کا اعلان جنوری 2022 میں کیا گیا ہے۔
سعودی عرب ورلڈ کریپٹو اولمپیارڈ میں شرکت کرنے والا واحد عرب ملک ہے۔ ورلڈ کریپٹو اولمپیارڈ میں مختلف ملکوں کی 85 سے زیادہ ٹیمیں شریک تھیں۔
ورلڈ کریپٹو اولمپیارڈ میں مملکت کی نمائندگی کنگ سعود یونیورسٹی کے ماتحت انفارمیشن سیکیورٹی سینٹر کی ٹیم نے کی۔ ٹیم میں احمد الحربی، محمد الربیعہ اور محمد العقار شامل تھے۔
تینوں نوجوانوں نے کامیابی پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ’ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی جانب سے غیرمعمولی سرپرستی ملی۔ چاہتے ہیں کہ وطن عزیز کے نوجوان جدید اور ڈیجیٹل ٹیکنالوجی میں ملک و قوم کا نام روشن کریں۔‘
یاد رہے کہ ورلڈ کریپٹو اولمپیارڈ کی شروعات 2014 میں ہوئی تھی۔ اس میں دنیا کے مختلف ممالک سے تعلق رکھنے والے 2500 سے زیادہ نوجوان شرکت کرچکے ہیں۔ اس کا مقصد نوجوانوں میں ریاضی کا شوق پیدا کرنا ہے۔