Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

جمائمہ سے پاکستان واپسی کا مطالبہ ’باقی کی زندگی ہر ٹویٹ پر یہی ہوگا‘

جمائمہ گولڈ سمتھ کی ٹویٹ پر پاکستانی ٹویپ کی تجویز نے نئی بحث چھیڑ دی (فائل فوٹو: ٹوئٹر)
وزیراعظم عمران خان کی سابق اہلیہ جمائمہ گولڈ سمتھ نے آن لائن گیم ورڈلی میں اپنے سکور سے متعلق ٹویٹ کی تو جواب میں ایک پاکستانی صارف کے مطالبے نے انہیں ’باقی کی زندگی ہر ٹویٹ پر‘ ایسا ہی ہونے کا یقین دلا دیا۔
سنہ 1995 سے 2004 تک عمران خان کے نکاح میں رہنے والی جمائمہ گولڈ سمتھ طلاق کے بعد سے اپنے دونوں بیٹوں سلیمان عیسیٰ خان اور قاسم خان کے ساتھ اپنے آبائی وطن برطانیہ میں مقیم ہیں۔
47 سالہ جمائمہ خان نے جمعرات کو ایک ٹویٹ کی جس میں انہوں نے آن لائن گیم ورڈلی میں حاصل کردہ اپنا سکور شیئر کیا تھا۔
اس ٹویٹ کے جواب میں ایک پاکستانی صارف نے انہیں لکھا کہ ’پلیز واپس آجائیں، عمران خان آپ کے بغیر کچھ نہیں ہیں، وہ اپنے دوستوں کے ہاتھوں بے وقوف بن رہے ہیں۔‘
جمائمہ گولڈ سمتھ کی ٹویٹ اور اس پر دیے گئے ریپلائی کا سکرین شاٹ شیئر کرنے والے ایک ٹویپ نے لکھا کہ ’ورڈلی بنانے والا یہ توقع نہیں کر رہا ہوگا کہ گیم سے متعلق ٹویٹ پر کوئی ایسا جواب دے گا۔‘

اس کے جواب میں جمائمہ گولڈ سمتھ نے قہقہے کی ایموجی شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ ’باقی کی زندگی، میری ہر ٹویٹ (پر ایسا ہی ہو گا)۔‘

اپنے ابتدائی جواب کے بعد جمائمہ گولڈ سمتھ نے ایک اور ٹویٹ میں ’پاکستان زندہ باد‘ کا نعرہ بھی لگایا۔
ان کی ٹویٹ پر تبصرہ کرنے والے صارفین نے جہاں پاکستانی ٹویپ کے مطالبہ نما تجویز کو غیر ضروری قرار دیا تو کچھ ایسے بھی تھے جو اس کی وجوہات تلاش کرتے دکھائی دیے۔
سیدہ نامی ہینڈل نے جمائمہ کو مخاطب کرتے ہوئے لکھا کہ ’ذرا تصور کریں، یہ معصوم پاکستان آپ سے کتنی محبت کرتے ہیں۔‘

جمائمہ گولڈ سمتھ کے موقف کہ آئندہ ہر ٹویٹ پر ایسا ہی ہوگا سے اتفاق کرنے والے ٹویپس کا کہنا تھا کہ ’یہ سچ ہے۔ جمائمہ جو بھی کہیں پاکستانی یہ دیکھے بغیر کہ ٹویٹ کیا ہے، ان سے متعلق اپنی محبت اور احترام کا اظہار کرتے رہیں گے۔‘

یہ پہلا موقع نہیں کہ جمائمہ گولڈ سمتھ کو ان کی کسی سوشل میڈیا سرگرمی پر پاکستان واپس آنے یا سابق شوہر عمران خان سے متعلق مطالبات یا تجاویز کا سامنا کرنا پڑا ہو۔ ماضی میں بھی کئی مرتبہ ان سے ایسے تقاضے کیے جاتے رہے ہیں۔
پاکستان سے واپس گئے ہوئے جمائمہ گولڈ سمتھ کو طویل عرصہ ہوچکا ہے۔ اس کے باوجود وہ پاکستان، پاکستانیوں اور ان سے جڑی اشیا کو وقتاً فوقتاً گفتگو کا موضوع بناتی رہی ہیں۔

شیئر: