مریم نواز اور جمائما گولڈ سمتھ ٹوئٹر پر آمنے سامنے
جمائما گولڈ سمتھ نے ٹویٹ میں لکھا کہ ’مریم نواز نے کہا ہے کہ میرے بچے ’یہودیوں کی گود میں پلے ہیں۔‘(فوٹو، عرب نیوز)
پاکستان مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز شریف اور وزیراعظم عمران خان کی سابق اہلیہ جمائما گولڈ سمتھ کے درمیان ٹوئٹر پر نوک جھونک ہوئی ہے۔
مریم کی جانب سے آزاد کشمیر میں انتخابی مہم کے دوران جمائما کے بچوں کا ذکر کیا گیا تھا جس پر انہوں نے منگل کو ٹوئٹر پر ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے اسے یہود مخالف حملہ قرار دے دیا تھا۔ اس کا جواب مریم نے ٹوئٹر پر ہی دیا اور کہا کہ اس کے لیے انہیں اپنے سابق شوہر (عمران خان) کو موردالزام ٹھرنا چاہیے جو دوسروں کے خاندان کو ٹارگٹ کر رہا ہے۔
وزیراعظم عمران خان کی سابق اہلیہ جمائما گولڈ سمتھ نے ٹوئٹر پر لکھا تھا ’میں نے ایک دہائی تک میڈیا اور سیاست دانوں کی طرف سے یہود دشمنی پر مبنی حملوں (جن میں قتل کی دھمکیاں اور میرے گھر سامنے مظاہرے شامل تھے) کے بعد 2004 میں پاکستان چھوڑ دیا تھا لیکن حملوں کا یہ سلسلہ ابھی تک جاری ہے۔‘
جمائما گولڈ سمتھ اپنی ایک ٹویٹ میں مزید لکھا کہ ’مریم نواز شریف نے آج اعلان کیا ہے کہ میرے بچے ’یہودیوں کی گود میں پلے ہیں۔‘
خیال رہے کہ جمائما کا یہ بیان مسلم لیگ نواز کی رہنما مریم نواز کی پاکستان کے زیر انتظام کشمیر میں الیکشن مہم کے دوران کی گئی ایک تقریر کے بعض جملوں کے ردعمل میں سامنے آیا ہے۔ مریم نواز شریف عمران خان کی جانب سے ان کے بیٹے پر کی گئی تنقید کا جواب دے رہیں تھیں۔
مریم نواز نے پیر کے روز پاکستان کے زیر انتظام کشمیر کے ضلع حویلی میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا تھا کہ’عمران خان کہتا ہے کہ وہ نواسہ (جنید) باہر جا کر پولو کھیل رہا ہے۔ وہ کہتا ہے اس کے پاس پولو کے پیسے کہاں سے آئے ہیں۔ میں بچوں تک نہیں جانا چاہتی تھی، لیکن جیسی بات کرو گے اب منہ توڑ جواب ملے گا۔ ‘
مریم نواز نے مزید کہا کہ ’وہ (جنید) نواز شریف کا نواسہ ہے، گولڈ سمتھ کا نواسہ نہیں ہے۔ وہ یہودیوں کی گود میں نہیں پل رہا۔‘
منگل کو ٹوئٹر پر جمائما کو جواب دیتے ہوئے مریم نواز شریف نے لکھا ’میری آپ میں، آپ کے بچوں میں یا آپ کی ذاتی زندگی میں کوئی دلچسپی نہیں ہے کیونکہ میرے پاس کرنے اور کہنے کو اس سے بہتر کام ہیں۔ لیکن اس کے باوجود آپ کے سابق شوہر کسی کے خاندان کو نشانہ بنائے گا تو دوسروں کے پاس کہنے کے لیے اس سے بھی بری چیزیں ہیں۔ اس کے لیے آپ اپنے سابق شوہر کو الزام دیں‘