السعودیہ کی پیرس سے العلا کےلیے براہ راست پروازیں
30 جنوری سے 27 مارچ تک ہر اتوار کو ایک پرواز چلائی جائے گی( فائل فوٹو عرب نیوز)
سعودی عریبین ایئرلائنز (السعودیہ) کی پہلی پرواز جمعرات 27 جنوری کو پیرس سے العلا پہنچے گی۔
پیرس کے چارلس ڈیگال ایئرپورٹ سے 30 جنوری سے 27 مارچ تک ہر اتوار کو ایک پرواز چلائی جائے گی۔ پیرس سے العلا کا سفرپانچ گھنٹے میں مکمل ہوگا۔
السعودیہ، العلا رائل کمیشن اور العلا ڈیولپمنٹ فرانسیسی ایجنسی نے کہا ہے کہ پیرس سے سعودی عرب کے تاریخی شہر العلا کے لیے براہ راست پرواز چلائی جارہی ہے۔
سبق ویب سائٹ کے مطابق فرانس کے شہریوں اور قریبی ملکوں کے سیاحوں کو نئے روٹ کا فائدہ ہوگا۔
العلا میں تاریخی مقامات کی سیاحت کے شائقین کے لے بہت کچھ ہے۔ یہاں وہ قدرتی مناظر سے بھی لطف اندوز ہوں گے۔
یہاں ایک ہزار قبل مسیح پرانے متعدد تاریخی مقامات ہیں۔ العلا کا زرخیز نخلستان صحرائی پہاڑوں اور منفرد شکل و صورت کی چٹانوں کے درمیان 25 کلو میٹر کے فاصلے پر پھیلا ہوا ہے۔
العلا میں یونیسکو کے تاریخی ورثے کی فہرست پر موجود الحجر مقام بھی ہے۔ یہ اردن میں عظیم نبطی سلطنت البترا کا دوسرا شہر ہے۔