یمن میں تعز کا بڑا علاقہ حوثی باغیوں سے آزاد کرا لیا گیا
مواصلاتی نظام اور ہتھیاروں کے ایک ڈپو کو بھی تباہ کر دیا گیا۔ (فوٹو اے ایف پی)
یمن میں حکومتی فورسز نے ایران کے حمایت یافتہ حوثیوں کے ساتھ شدید جھڑپوں کے بعد تعز گورنریٹ میں ایک بڑےعلاقے کو آزاد کرا لیا ہے۔
عرب نیوز کے مطابق اتحادی افواج نے یمن کے مختلف علاقوں میں حوثی باغیوں کے مزید ٹھکانوں پر فضائی حملے کئے ہیں۔
اتحادی فوج کی فضائی مدد سے یمن میں حکومتی دستوں نے حوثیوں کو ان کے زیر کنٹرول علاقوں سے مزید پیچھے دھکیل کر اذلہ اور خولود کے علاقوں کو آزاد کرایا ہے۔
یمن کے شہر مارب شہر کے جنوب میں حکومتی حمایت یافتہ فورسز اور حوثی ملیشیا کے درمیان شدید لڑائی تاحال جاری ہے۔
یمن کی سرکاری خبر رساں ایجنسی سبا کے مطابق اتحادی افواج کے فضائی حملوں میں شدت کے درمیان ماریب کے مغرب اور جنوب میں حکومتی دستوں کے ساتھ شدید لڑائی میں درجنوں حوثی مارے گئے۔
دریں اثناء اتحادی افواج نے منگل کو رات بھر حوثی اہداف کے خلاف حملوں کا سلسلہ شروع جاری رکھا۔ ان حملوں کے دوران مارب میں موجود مواصلاتی نظام اور ہتھیاروں و دیگر اسلحہ کے ایک ڈپو کو تباہ کر دیاگیا۔