Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی عرب میں مردم شماری پیر 9 مئی سے شروع ہوگی 

ہر دس برس میں مردم و مکان شماری کی جاتی ہے(فوٹو عرب نیوز)
سعودی عرب میں مردم شماری پیر9 مئی 2022 سے شروع کیے جانے کا اعلان کیا گیا ہے۔
وزیر اقتصاد و منصوبہ بندی و سربراہ محکمہ شماریات فیصل بن فاضل الابراہیم نے بتایا کہ شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے اس کی منظوری دی ہے۔
سرکاری خبر رساں ایجنسی ایس پی اے کے مطابق سربراہ محکمہ شماریات نے کہا کہ ہر دس برس میں مردم و مکان شماری کی جاتی ہے۔ اس کے نتائج کی بنیاد پر منصوبہ بندی اور قومی پالیسیاں تیار کی جائیں گی اورسعودی وژن 2030 کے اہداف پورے کیے جائیں گے۔
سربراہ محکمہ شماریات نے مزید کہا کہ مردم شماری مہم کے تحت مقامی شہریوں اور مقیم غیرملکیوں سے ملنے والی معلومات صیغہ راز میں رکھی جائیں گی۔ کسی  فریق کو معلومات تک رسائی نہیں دی جائے گی۔ 
انہوں نے مزید کہا کہ 2022 کی مردم شماری میں فارم آن لائن ہوں گے۔ اس کے لیے فیلڈ سروے کرنے والوں کی ضرورت نہیں پڑے گی۔ مملکت میں موجود ہر طبقے کے شہریوں اورمقیم غیرملکیوں کو اس میں شامل کیا جائے گا۔  
فیصل بن فاضل الابراہیم نے تمام سعودیوں اور مقیم غیرملکیوں سے اپیل کی کہ وہ مردم و مکان شماری مہم میں تعاون کریں۔ معلومات جمع کرنے والے مقامی شہری ہیں اور سرکاری اہلکار ہیں۔
انہوں نے کہا کہ سارا کام کورونا ایس او پیز کی پابندی کے ساتھ انجام دیا جائے گا۔
یاد رہے کہ ایڈریس اپ ڈیٹ کرنے کا سلسلہ 26 جنوری کو شروع کردیا گیا ہے۔ یہ مردم و مکان شماری کے عمل میں اہم کردار ادا کرےگا۔ 

شیئر: