کوئٹہ ہدف کے دفاع میں ناکام، پشاور زلمی کی 5 وکٹوں سے جیت
کوئٹہ ہدف کے دفاع میں ناکام، پشاور زلمی کی 5 وکٹوں سے جیت
جمعہ 28 جنوری 2022 17:29
پشاور زلمی کے کپتان شعیب ملک نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا (فوٹو: پاکستان سپر لیگ)
پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے ساتویں ایڈیشن کے دوسرے میچ میں پشاور زلمی نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو پانچ وکٹوں سے شکست دے دی۔
جمعے کو کراچی کے نیشنل سٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں پشاور زلمی نے 191 رنز کا ہدف 20 ویں اوور میں پانچ وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔ بین کٹنگ صفر جبکہ کپتان شعیب ملک 48 رنز پر ناٹ آوٹ رہے۔
پشاور زلمی نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا جس کے بعد کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے 20 اوورز میں چار وکٹوں کے نقصان پر 190 رنز بنائے۔
191 رنز کے ہدف کے تعاقب میں پشاور زلمی کے اوپنرز نے اننگز کا تیز رفتار آغاز کیا لیکن چوتھے اوور میں یاسر خان 30 رنز بنا کر محمد نواز کی گیند ہر کیچ آوٹ ہوگئے۔
اس کے بعد ٹام کیڈمور بھی وکٹ پر زیادہ دیر تک نہ ٹھہر سکے اور 22 رنز بنا کر محمد نواز کی گیند پر کیچ آوٹ ہوگئے۔
زلمی کے تیسرے آوٹ ہونے والے کھلاڑی حیدر علی تھے جو صرف 19 رنز بنا کر محمد نواز کی گیند پر کیچ دے بیٹھے۔
اس کے بعد حسین طلعت اور شعیب ملک کے درمیان 81 رنز کی شراکت داری قائم ہوئی۔ حسین طلعت 52 رنز کی عمدہ اننگز کھیل کر جیمز فالکنر کی گیند پر کیچ آوٹ ہوئے۔
پشاور زلمی کے پانچویں آوٹ ہونے والے کھلاڑی شرمین ردرفورڈ تھے وہ 10 رنز بنا کر نسیم شاہ کی گیند پر کیچ آوٹ ہوئے۔
کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی اننگز کا احوال
گلیڈی ایٹرز کی جانب سے احسن علی اور ول سمیڈ نے اننگز کا آغاز کیا اور چوکوں اور چھکوں کی بارش کردی۔ دونوں کے درمیان 155 رنز کی شراکت داری قائم ہوئی۔
دونوں بلے بازوں کے آگے زلمی کے بولرز بے بس نظر آئے۔ احسن علی 73 رن بنا کر عثمان قادر کی گیند پر کیچ آوٹ ہوئے۔
اسی اوور میں عثمان قادر نے بین ڈکٹ کو بھی صفر پر واپس پویلین بھیج دیا۔
تیسرے آوٹ ہونے والے کھلاڑی افتخار احمد تھے جو آٹھ رن بنا کر ثمین گل کی گیند پر کیچ آوٹ ہوئے۔
بدقسمتی سے ول سمیڈ اپنی سینچری مکمل نہ کر سکے اور 97 رنز بنا کر ثمین گل کی گیند پر کیچ آوٹ ہوگئے۔
کوئٹہ کی طرف سے ول سمیڈ 97 اور احسن علی 73 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔ پشاور زلمی کی جانب سے عثمان قادر اور ثمین گل نے دو دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
قبل ازیں پشاور زلمی کے کپتان شعیب ملک نے ٹاس جیتنے کے بعد کہا کہ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔