ملتان سلطانز کی جانب سے عمران طاہر نے تین کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا (فوٹو: اے ایف پی)
پاکستان سپر لیگ کے ساتویں ایڈیشن کے افتتاحی میچ میں ملتان سلطانز نے کراچی کنگز کو سات وکٹوں سے شکست دے دی۔
کراچی کے نیشنل سٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں ملتان سلطانز نے 125 رنز کا ہدف 19 ویں اوور میں حاصل کرلیا۔ کپتان محمد رضوان 52 اور ٹم ڈیوڈ 12 رنز کے ساتھ ناٹ آوٹ رہے۔
125 رنز کے تعاقب میں سلطانز نے اننگز کا عمدہ آغاز کیا، شان مسعود 26 رنز بنا کر محمد الیاس کی گیند پر کیچ تھما بیٹھے۔
اس کے بعد محمد رضوان اور صہیب مقصود کے درمیان 63 رنز کی شراکت داری بنی، جس کے بعد صہیب محمد نبی کی گیند پر سٹمپ آوٹ ہوگئے۔ انہوں نے 30 رنز بنائے۔
اسی اوور میں محمد نبی نے رائلی روسو کو بھی آوٹ کردیا۔ وہ دو رن بنا کر پویلین لوٹے۔
اس سے قبل کراچی کنگز نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں پانچ وکٹوں کے نقصان پر 124 رنز بنائے۔
بابر اعظم اور شرجیل خان نے عمدہ آغاز کیا۔ دونوں کے درمیان 66 رنز کی شراکت داری بنی جس کے بعد شرجیل 43 رنز بنا کر عمران طاہر کی گیند پر کیچ آوٹ ہوگئے۔
لیوئس گریگوری 14 اور عامر یامین ایک رن کے ساتھ ناٹ آوٹ رہے۔ ملتان سلطانز کی جانب سے عمران طاہر نے تین کھلاڑیوں کو آوٹ کیا۔
اس میچ میں ملتان سلطانز کے کپتان محمد رضوان نے ٹاس جیت کر کراچی کنگز کو پہلے بلے بازی کی دعوت دی تھی۔
ٹاس جیتنے کے بعد محمد رضوان کا کہنا تھا کہ ’ہم کنڈیشنز کا جائزہ لینا چاہیں گے کہ یہ کس طرح ہمارے لیے ساز گار ہیں۔‘
’ہم نے اس میدان پر گذشتہ پی ایس ایل میں اچھا پرفارم نہیں کیا لیکن اس بار اچھی کارکردگی دکھانے کے لیے پرامید ہیں۔‘
کراچی کنگز کی ٹیم میں دو اہم کھلاڑی عماد وسیم اور محمد عامر شامل نہیں تھے۔
کراچی کنگز کی ٹیم ان کھلاڑیوں پر مشتمل تھی۔ کپتان بابر اعظم، شرجیل خان، جو کلارک، محمد نبی، ٹام لمونبی، لیوئس گریگوری، عامر یامین، محمد عمران، محمد طہٰ، عمید آصف اور محمد الیاس۔
ملتان سلطانز کی ٹیم میں شان مسعود، محمد رضوان، صہیب مقصود، رائلی روسو، ٹم ڈیوڈ، خوشدل شاہ، ڈیوڈ ولی، عمران طاہر، عمران خان سینیئر، شاہنواز دھان اور احسان اللہ شامل تھے۔