Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

جسٹن ٹروڈو کورونا کا شکار، ’بیماری کی علامات معتدل ہیں‘

جسٹن ٹروڈو کا کہنا ہے کہ وہ کورونا کے دوران کام جاری رکھیں گے۔ فوٹو اے ایف پی
کینیڈا کے وزیراعظم جسٹن ٹروڈو نے کہا ہے کہ وہ کورونا وائرس کا شکار ہو گئے ہیں تاہم بیماری کی علامات معتدل ہیں۔
جسٹن ٹروڈو نے پیر کو ایک ٹویٹ میں بتایا کہ ان کا کورونا کا ٹیسٹ مثبت آیا ہے لیکن فی الحال وہ ٹھیک محسوس کر رہے ہیں۔
کینیڈا کے وزیراعظم نے مزید کہا کہ وہ احتیاطی تدابیر پر عمل کرتے ہوئے گھر سے ہی کام کریں گے۔ ساتھ ہی انہوں نے تمام شہریوں کو ویکسین اور بوسٹر شاٹس لگوانے کی بھی ہدایت کی۔
گزشتہ ہفتے جسٹن ٹروڈو نے اعلان کیا تھا کہ کورونا وائرس کے مریض سے رابطے میں آنے کے بعد وہ خود کو الگ تھلگ کر رہے ہیں
انہوں نے جنوری کے آغاز میں ویکسین کی تیسری خوراک لگوائی تھی۔ 
خیال رہے کہ امریکہ اور کینیڈا کی سرحد سے گزرنے والے ٹرک ڈرائیورز کے لیے ویکسین لازمی قرار دینے کے خلاف احتجاج کے بعد اتوار کو وزیراعظم جسٹن ٹروڈو اپنے خاندان سمیت دارالحکومت میں واقع اپنا گھر چھوڑ کر خفیہ مقام پر منتقل ہو گئے تھے۔
اخبار دی ویک کے مطابق جسٹن ٹروڈو نے خفیہ مقام پر منتقل ہونے کا فیصلہ اس وقت کیا جب ہزاروں مظاہرین کینیڈا کے دارالحکومت اوٹاوا میں داخل ہو گئے تھے۔ 
’فریڈیم کانوائے‘ کے نام سے ہونے والے اس احتجاج کے تحت لگ بھگ 27 سو ٹرک سنیچر کو کینیڈا کے دارالحکومت میں داخل ہو گئے تھے۔
اس کانوائے میں شامل ٹرک ہر سمت سے شہر میں داخل ہوئے اور انہوں نے امریکہ اور کینیڈا کی سرحد سے گزرنے والے ٹرک ڈرائیوروں کے لیے ویکسین کو لازمی قرار دینے کے فیصلے کے خلاف احتجاج کیا۔
جسٹن ٹروڈو نے جمعے کو اپنے ایک بیان میں کہا تھا کہ کانوائے کے شرکا اور حمایتیوں کے خیالات ’ناقابل قبول‘ ہیں۔
کورونا کی وبا کے آغاز سے اب تک کینیڈا میں 29 لاکھ افراد کورونا کا شکار ہو چکے ہیں جبکہ 33 ہزار سے زائد اموات واقع ہوئی ہیں۔

شیئر: