متحدہ عرب امارات کے ساتھ کھڑے ہیں، او آئی سی، جی سی سی
میزائل حملہ بین الاقوامی قوانین و روایات کے سراسر منافی ہے(فوٹو ٹوئٹر)
اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) نے متحدہ عرب امارات پر حوثی دہشت گردوں کے بیلسٹک میزائل حملے کی سخت مذمت کی ہے۔
سرکاری خبر رساں ایجنسی ایس پی اے کے مطابق او آئی سی کے سیکریٹری جنرل حسین ابراہیم طحہ نے بیان میں کہا کہ امارات پر حوثیوں کا بیلسٹک میزائل حملہ بین الاقوامی قوانین و روایات کے سراسر منافی ہے۔
او آئی سی جنرل سیکریٹریٹ حوثیوں کی دہشت گردانہ سرگرمیوں اور جرائم کی مذمت کرتی ہے۔
حسین طحہ نے کہا کہ متحدہ عرب امارات اپنی سرحدوں اور ملکی امن و استحکام کے تحفظ کے لیے جو اقدام کرے گا او آئی سی اس کے ساتھ کھڑی ہوگی۔
علاوہ خلیجی تعاون کونسل (جی سی سی) کے سیکریٹری جنرل ڈاکٹر نایف الحجرف نے کونسل کے رکن ممالک پر منصوبہ بند طریقے سے جان بوجھ کر میزائل حملوں پر حوثی دہشت گردوں کی سخت مذمت کی ہے۔
ایس پی اے کے مطابق ڈاکٹر نایف الحجرف نے کہا کہ حوثی سول تنصیبات اور امن پسند شہریوں کو نشانہ بنا رہے ہیں۔ اس قسم کے دہشت گردانہ حملے کرکے حوثی بین الاقوامی برادری کو کھلا چیلنج اور بین الاقوامی قوانین و روایات کا مذاق اڑارہے ہیں۔
انہوں نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ سول تنصیبات اور اہم اداروں پر دہشت گردانہ حملے بند کرانے کے لیے حوثیوں کے خلاف فیصلہ کن موقف اختیار کریں۔
سیکریٹری جنرل نے کہا کہ متحدہ عرب امارات اپنے شہریوں اور مقیم غیرملکیوں کی سلامتی اور امن و استحکام کے تحفظ کے لیے جو حفاظتی اقدامات کرے گا جی سی سی اس کے ساتھ ہوگی۔