Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’امارات کے ساتھ کھڑے ہیں‘، میزائل حملوں کے خلاف سعودی عرب کا اظہار یکجہتی

سعودی عرب نے حوثی دہشت گردوں کے مسلسل حملوں کی سخت مذمت کی ہے۔ (فائل فوٹو: الشرق الاوسط)
سعودی وزارت خارجہ نے متحدہ عرب امارات میں سول تنصیبات اور آبادی پر ایران کے حمایت یافتہ حوثی دہشت گردوں کے مسلسل حملوں کی سخت مذمت کی ہے۔ 
سرکاری خبر رساں ایجنسی ایس پی اے کے مطابق سعودی وزارت خارجہ نے اپنے بیان میں متحدہ عرب امارات کو یقین دلایا کہ ’امن و استحکام کو لاحق خطرہ روکنے کے لیے جو اقدام کیا جائے گا سعودی عرب ساتھ کھڑا ہوگا۔‘
بیان میں مملکت نے زور دے کر کہا کہ ’یمن کی آئینی حکومت کے لیے قائم عرب اتحاد کی قیادت کے ذریعے حوثیوں کی تمام دہشت گردانہ کوششوں کا جواب دیتے رہیں گے۔‘
سعودی وزارت خارجہ نے بیان میں دہشت گردانہ حملوں کے خلاف عرب امارات کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کیا ہے۔ 
عرب نیوز کے مطابق متحدہ عرب امارات کی وزارت دفاع نے پیر کو بتایا کہ حوثیوں کی جانب سے میزائل حملہ اس وقت کیا گیا جب اسرائیل کے صدر اسحاق ہرزوگ یو اے ای کے دورے پر تھے۔
متحدہ عرب امارات نے یمن کے حوثی باغیوں کی جانب سے داغا ایک بیلسٹک میزائل تباہ کر دیا تھا۔ میزائل حملے سے کوئی نقصان نہیں ہوا کیونکہ یہ آبادی سے باہر گرا۔
 اس سے قبل 17 جنوری کو حوثی باغیوں نے ابوظبی نیشنل آئل کمپنی اور فیول ڈپو پر ڈرون اور میزائل حملے کیے تھے جس کے نتیجے میں تین افراد ہلاک جبکہ چھ زخمی ہو گئے تھے۔

شیئر: