جدہ میونسپلٹی کے ترجمان محمد البقمی نے کہا ہے کہ ’کچی بستیوں کے تمام سعودی شہریوں کو رہائش فراہم کی جائے گی۔ جدہ میونسپلٹی پرانے طرز کے محلوں کو جدید عصری انداز میں منظم کررہی ہے۔‘
الاخباریہ چینل سے گفتگو کرتے ہوئے میونسپلٹی کے ترجمان نے کہا کہ ’جدہ شہر میں 60 سے زیادہ کچی بستی والے محلے منہدم ہوں گے فی الوقت تیرہ محلے منہدم کیے جارہے ہیں اور ان کے مسائل حل کرنے کی کارروائی کی جارہی ہے‘۔
ترجمان نے مزید کہا کہ ’کچی بستیوں کے باشندوں کو متعدد زمروں میں تقسیم کیا گیا ہے۔ پہلا زمرہ ضمنی خاندانوں کا ہے انہیں نئے مکانات کی تیاری تک عارضی طور پر رہائش فراہم کی جائے گی۔ دوسرے زمرے میں وہ شہری آتے ہیں جن کے پاس مکانات کی ملکیت کے کاغذات ہیں انہیں معاوضے کی فراہمی تک عارضی طور پر رہائش دی جائے گی۔ تیسرے زمرے میں وہ شہری آتے ہیں جن کے پاس مکانات کے کاغذات نہیں ہیں۔ انہیں فلاحی اداروں اور انجمنوں کے تعاون سے رہائش مہیا کی جائے گی‘۔
میونسپلٹی کے ترجمان نے بتایا کہ ’کچی بستیوں کے باشندوں کو مکمل معاوضہ دیا جائے گا۔ ملکیت کے کاغذات والے ہوں یا وہ ہوں جن کے پاس کاغذات نہیں ہیں ان سب کو پلاٹ کی قیمت دی جائے گی۔ جہاں تک ان لوگوں کا تعلق ہے جن کے پاس کاغذات نہیں ہیں انہیں منہدم شدہ مکان کا معاوضہ دیا جائے گا‘۔