Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

لاہور کا رہائشی کراچی میں لُٹ گیا، ڈاکو ساڑھے تین کروڑ روپے لے کر فرار

پولیس نے واقعے کا مقدمہ درج کرکے تحقیقات کا آغاز کردیاہے۔ (فائل فوٹو: اے ایف پی)
کراچی میں پولیس کے مطابق لاہور سے آنے والے ایک شہری سے نامعلوم مسلح افراد ساڑھے تین کروڑ روپے لوٹ کر فرار ہوگئے۔ 
پولیس نے واقعے کا مقدمہ درج کرکے تحقیقات کا آغاز کردیاہے۔ 
متاثرہ شہری ابوبکر صدیقی نے پولیس کو تفصیل بتائی کہ انہوں نے بدھ کی شب کراچی صدر میں واقع سنار کی دکان پر سونا فروخت کیا اور نقد رقم لے کر رکشے میں سوار کینٹ سٹیشن کے لیے روانہ ہوگئے۔
’جب وہ صدر داؤد پوتہ روڈ پر پہنچے تو نامعلوم مسلح ملزمان نے ان کے رکشے کو روکا اور رقم سے بھرا بیگ چھین کر فرار ہوگئے۔‘
مقدمہ متاثرہ شہری ابوبکر صدیق کی مدعیت میں تھانہ آرٹلری میدان میں ایف آئی آر نمبر 11/2022 کے تحت درج کیا گیا ہے۔ 
مقدمے میں 392، 397، 337 ون اے کی دفعات شامل کی گئی ہیں۔ مقدمے کی دفعات کے تحت ملزمان پر ڈکیتی، نقصان پہنچانے اور زخمی کرنے کے الزامات عائد کیے گئے۔ 
ایف آئی آر میں بتایا گیا ہے کہ مدعی مقدمہ دو فروری کو لاہور سے کراچی آئے۔ مدعی اپنے ساتھ بھاری مقدار میں زیورات لائے تھے۔ لاہور لائے گئے زیورات مدعی نے زیب النسا سٹریٹ پر سنار کو فروخت کیے۔
زیورات کی فروخت سے مدعی کو ساڑھے تین کروڑ روپے حاصل ہوئے۔ مدعی نے زیورات کی فروخت سے حاصل ہونے والی رقم ایک بریف کیس میں رکھی تھی۔ مدعی نے رات گرین لائن ٹرین سے واپس لاہور جانا تھا۔ مدعی نے زیب النسا سٹریٹ سے کینٹ سٹیشن جانے کے لیے رکشہ کیا اور جب وہ داؤد پوتہ روڈ سے گزر رہے تھے تو انڈر بائی پاس پر دو موٹر سائیکل سوار چار ملزمان نے انہیں لوٹ لیا۔

شیئر: