وزیراعظم عمران خان کی چین کے وزیراعظم سے ملاقات، عالمی معاملات پر تبادلہ خیال
وزیراعظم عمران خان اپنے وفد کے ہمرا بیجنگ میں موجود ہیں۔ (فوٹو: پی ایم ہاؤس)
وزیراعظم عمران خان اور چین کے صدر شی جن پنگ کے درمیان اتوار کو ملاقات ہوگی۔
سنیچر کو بیجنگ میں حکومتی وفد کے ساتھ موجود وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چوہدری نے کہا ہے کہ ’دونوں رہنماؤں کے درمیان پاکستان اور چین کے تعلقات پر تبادلہ خیال ہوگا۔ پاکستان اور افغانستان سمیت دیگر معاملات اس ملاقات کا اہم حصہ رہیں گے۔‘
وزیراعظم عمران خان نے آج صدر شی جن پنگ کی جانب سے دیے گئے ظہرانے میں بھی شرکت کی۔
بعد ازاں وزیراعظم عمران خان کی اپنے وفد کے ہمراہ چین کے وزیراعظم سے ملاقات ہوئی۔
فواد چوہدری کے مطابق وزیراعظم کی ازبکستان کے صدر شوکت مرزایوف سے بھی ملاقات ہوئی، ان ملاقاتوں میں عالمی معاملات پر تبادلہ خیال ہوا۔
’چین کے وزیراعظم اور ازبکستان کے صدر کے ساتھ کشمیر اور افغانستان پر بات چیت ہوئی۔‘
انہوں نے کہا کہ چین کے وزیراعظم نے یقین دہانی کرائی ہے کہ وہ کشمیر کے مسئلے پر پاکستان کے ساتھ کھڑا ہے۔
فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ ’عالمی برادری پاکستان کے موقف کی مکمل حمایت کرتی ہے اور چین اس موقف پر پاکستان کے ساتھ ہے۔ اسی طرح پاکستان نے چین کو تائیوان اور ہانگ کانگ جیسے اہم مسائل پر اپنی حمایت کا یقین دلایا ہے۔‘
ان کا کہنا تھا کہ چین نے معاشی اور سکیورٹی معاملات میں ہمیشہ پاکستان کا ساتھ دیا ہے اور وزیراعظم کے دورہ چین سے پاک چین دوستی مزید وسعت اختیار کرے گی۔
فواد چوہدری کے مطابق سی پیک کے منصوبوں میں سرمایہ کاری کے حوالے سے تفصیلات جاری کی جا چکی ہیں اور پاکستان میں اربوں ڈالر کی سرمایہ کاری کی کمٹمنٹس ہوئی ہیں، اس کی تفصیلات جاری کر رہے ہیں۔