چین پاکستانی طالب علموں کی واپسی کے لیے انتظامات کرے گا: مشترکہ اعلامیہ
اتوار 6 فروری 2022 19:37
سوشل ڈیسک -اردو نیوز
طلبہ و طالبات کی کورونا وائرس سے حفاظت کو یقینی بنایا جائے گا۔ (فائل فوٹو: اے ایف پی)
چین نے وزیراعظم عمران خان کو کورونا وائرس کے سبب پاکستان واپس آنے والے طلبہ و طالبات کو چین واپس بلانے کے لیے انتظامات کرنے کی یقین دہانی کرادی ہے۔
اتوار کے روز وزیراعظم عمران خان اور چینی صدر شی جن پنگ کی ملاقات کے بعد جاری مشترکہ اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ پاکستان اور چین نے دونوں ممالک کے درمیان تعلیم کے شعبے میں ہونے والے تعاون پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے اسے مزید بڑھانے کا عزم کیا ہے۔
اعلامیے کے مطابق وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں وفد نے چینی وفد کو بتایا کہ چین پاکستانی طلبہ و طالبات کے لیے تعلیم حاصل کرنے کے لیے پسندیدہ ملک بن چکا ہے۔
اعلامیے کے مطابق ’چین کورونا وائرس سے تحفظ یقینی بناتے ہوئے پاکستانی طلبہ و طالبات کے چین واپسی کے لیے انتظامات کرے گا تاکہ وہ اپنی کلاسیں جاری رکھ سکیں۔‘
واضح رہے وزیراعظم عمران خان اپنا چین کا تین روزہ دورہ مکمل کرکے اتوار کو پاکستان واپس پہنچے ہیں۔
دورے کے حوالے سے پاکستان کے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی اور وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے کہا ہے کہ چین کے دورے میں ان کی توقع سے بھی زیادہ ہمیں پذیرائی ملی ہے۔
اتوار کو چین سے واپسی کے بعد اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ ’دورۂ چین میں سی پیک کے منصوبوں پر تفصیلی بات چیت ہوئی۔‘
’وزیراعظم کی چین کے وزیراعظم کے ساتھ ملاقات میں تمام سٹریٹجک امور پر بات ہوئی ہے۔‘