وزیراعظم کے دورۂ چین میں توقع سے زیادہ پذیرائی ملی: وفاقی وزرا
وزیراعظم کے دورۂ چین میں توقع سے زیادہ پذیرائی ملی: وفاقی وزرا
اتوار 6 فروری 2022 15:23
پاکستان کے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی اور وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے کہا ہے کہ چین کے دورے میں ہماری توقع سے بھی زیادہ ہمیں پذیرائی ملی ہے۔
اتوار کو چین سے واپسی کے بعد اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ ’دورۂ چین میں سی پیک کے منصوبوں پر تفصیلی بات چیت ہوئی۔‘
’وزیراعظم کی چین کے وزیراعظم کے ساتھ ملاقات میں تمام سٹریٹجک امور پر بات ہوئی ہے۔‘
پریس کانفرنس میں فواد چوہدری اور شاہ محمود قریشی کے ساتھ وزیر خزانہ شوکت ترین اور قومی سلامتی پالیسی کے مشیر ڈاکٹر معید یوسف بھی موجود تھے۔
وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے وزیراعظم عمران خان کے چین کے ڈپٹی وزیر خارجہ کی جانب سے استقبال پر تنقید کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ’جن لوگوں کو بائی لیٹرل اور ملٹی لیٹرل کے سپیلنگز بھی نہیں آتے وہ بھی امور خارجہ پر رائے دینے لگتے ہیں۔‘
’جو گرمجوشی چین کے عوام نے پاکستان کے ایتھلیٹ کے لیے دکھائی وہ بھرپور تھی۔‘
’(دورۂ چین کے دوران چینی حکام سے) مجموعی طور پر 21 سیکٹرز پر بات چیت ہوئی۔ آئی ٹی، ٹیکسٹائل، چاول کی ایکسپورٹ اور ایک بڑی سیمی کنڈکٹر انڈسٹری کے قیام پر بات ہوئی ہے۔‘
سنیچر کو پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ نواز کی قیادت کی لاہور میں ملاقات پر تبصرہ کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ’کل جو محفل ہوئی جس میں شہباز شریف اور بلاول بھٹو نوحہ کناں تھے اور مریم نواز بھی وہاں پہنچ گئیں۔ اس سے ثابت ہوتا ہے کہ چین کا دورہ کس قدر کامیاب تھا۔‘
’یہ جو معاہدہ ہے یہ اس کے علاوہ کچھ نہیں کہ ہماری چوریوں پر پردہ ڈالا جائے۔‘
انہوں نے مزید کہا کہ ’بلاول بھٹو زرداری کہتے ہیں کہ لانگ مارچ کریں گے، یہ آپ کی غلط فہمی ہے ، آپ شارٹ مارچ بھی نہیں کر سکتے۔‘
’اس بار ہم پوری کوشش کریں گے کہ آپ کو کچھ لوگ بھی دیں، گھوڑے اور اونٹ بھی دیں گے تاکہ آپ کو لانگ مارچ میں کوئی پریشانی نہ ہو۔‘
انہوں نے پیپلز پارٹی کی قیادت کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ’آپ نے کل پیپلز پارٹی کا سرنڈر ڈاکیومنٹ سائن کیا ہے۔ جب سے مقصود چپڑاسی کے اکاؤنٹ پیسے نکلے ہیں۔ یوں لگتا ہے اس کے بعد آپ کی آپس میں محبت بڑھ گئی ہے۔‘
’ظاہر ہے جب چوری کے تمام ہی راز ایک جیسے ہوں تو آپ نے آپس میں ملنا ہی تھا۔‘
ان کا کہنا تھا کہ ’چین کے صدر اور وزیراعظم نے پاکستان کی آؤٹ آف دی وے جا کر بات سنی۔ وزیراعظم عمران خان کا دورۂ چین انتہائی کامیاب رہا ہے اور اس کے نتائج آپ کے سامنے آئیں گے۔‘
اپوزیشن کی حکومت کے خلاف تحریک اور وزیراعظم کے خلاف عدم اعتماد سے متعلق سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ’یہ لوگ تو سینیٹ میں اپنی اکثریت ثابت نہیں کر سکے، قومی اسمبلی میں تو ان کی حالت بہت پتلی ہے، یہ کچھ نہیں کر سکیں گے۔‘