سعودی وزیر داخلہ کی وزیر اعظم سے ملاقات، دوطرفہ تعلقات کا جائزہ
سعودی وزیر داخلہ کی وزیر اعظم سے ملاقات، دوطرفہ تعلقات کا جائزہ
پیر 7 فروری 2022 17:31
سعودی وزیر داخلہ شہزادہ عبدالعزیز بن سعود بن نایف نے وزیراعظم پاکستان عمران خان سے پیر کو ملاقات کی ہے۔
سعودی عرب کی سرکاری خبر رساں ایجنسی ایس پی اے کے مطابق شہزادہ عبدالعزیز بن سعود نے شاہ سلمان بن عبدالعزیز اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی طرف سے خیر سگالی کے پیغامات بھی وزیراعظم کو پہنچائے۔
انہوں نے سعودی قیادت کی طرف سے پاکستان، پاکستانی حکومت اور عوام کی مزید ترقی و خوشحالی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
اس موقع پر پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان دو طرفہ تعلقات اور برادر ملکوں کے درمیان موجودہ تعاون کی مختلف جہتوں کا بھی جائزہ لیا گیا۔
اس موقع پر پاکستانی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد، پاکستان کے اعلی عہدیدار اور سعودی وزیر داخلہ کے ہمراہ سرکاری وفد کے ارکان بھی موجود تھے۔
دوسری جانب صدر پاکستان عارف علوی نے بھی سعودی وزیر داخلہ شہزادہ عبدالعزیز بن سعود سے ایوان صدر اسلام آباد میں ملاقات کی ہے۔
سعودی وزیر داخلہ نے شاہ سلمان اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی طرف سے صدر کے لیے خیر سگالی اور پاکستان، اس کے عوام اور حکومت کے لیے مزید ترقی و خوشحالی کی خواہشات پر مشتمل پیغامات پہنچائے ہیں۔
اس موقع پر دونوں ملکوں کے برادرانہ تعلقات اور دوطرفہ تعاون کی جہتوں کا جائزہ لیا گیا۔
قبل ازیں سعودی وزیر داخلہ پرنس عبدالعزیز بن سعود بن نائف اور پاکستان کے وزیر داخلہ شیخ رشید احمد کے درمیان ملاقات میں پاکستان اور سعودی عرب کے داخلہ امور کی وزارتوں کے درمیان روابط کو مزید مضبوط کرنے پر زور دیا گیا۔
اسلام آباد میں ملاقات کے بعد پاکستانی وزارت داخلہ کی جانب سے جاری اعلامیے میں کہا گیا تھا کہ سکیورٹی چیلنجز سمیت دیگر مسائل سے نمٹنے کے لیے وزارتوں کے درمیان بہتر روابط ضروری ہیں۔
سعودی وزیرداخلہ سوموار کو وفد کے ہمراہ پاکستان کے دورے پر پہنچے جہاں سب سے پہلے انہوں نے وزیر داخلہ شیخ رشید احمد اور وزارت داخلہ کے اعلی حکام سے ملاقات کی۔ اعلامیے کے مطابق ملاقات میں علاقائی سکیورٹی صورتحال سمیت باہمی دلچسپی کے دیگر امور پر بات چیت ہوئی اور پاکستان اور سعودی عرب کے داخلہ امور کی وزارتوں کے درمیان روابط کو مزید مضبوط کرنے پر زور دیا گیا۔