پاکستانی ورکرز کی بہترین دیکھ بھال پر سعودی حکومت کے شکر گزار ہیں: شیخ رشید
پاکستان کے دورے پر آئے سعودی وزیر داخلہ پرنس عبدالعزیز بن سعود بن نائف کے ساتھ ملاقات میں پاکستان اور سعودی عرب کے داخلہ امور کی وزارتوں کے درمیان روابط کو مزید مضبوط کرنے پر زور دیا گیا ہے۔
اسلام آباد میں ملاقات کے بعد پاکستانی وزارت داخلہ کی جانب سے جاری اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ سکیورٹی چیلنجز سمیت دیگر مسائل سے نمٹنے کے لیے وزارتوں کے درمیان بہتر روابط ضروری ہیں۔
سعودی وزیرداخلہ سوموار کو وفد کے ہمراہ پاکستان کے دورے پر پہنچے ہیں جہاں سب سے پہلے انہوں نے وزیر داخلہ شیخ رشید احمد اور وزارت داخلہ کے اعلی حکام سے ملاقات کی ہے۔
اعلامیے کے مطابق ملاقات میں علاقائی سکیورٹی صورتحال سمیت باہمی دلچسپی کے دیگر امور پر بات چیت ہوئی اور پاکستان اور سعودی عرب کے داخلہ امور کی وزارتوں کے درمیان روابط کو مزید مضبوط کرنے پر زور دیا گیا۔
اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ سکیورٹی چیلنجز سمیت دیگر مسائل سے نمٹنے کے لیے وزارتوں کے درمیان بہتر روابط ضروری ہیں۔ اس موقع پر سعودی وزیر داخلہ پرنس عبدالعزیز بن سعود بن نائف نے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان تعلقات باہمی اعتماد اور اسلامی بھائی چارے پر قائم ہیں۔
شیخ رشید احمد کا کہنا تھا کہ پاکستان اورسعودی عرب کے درمیان تعلقات انتہائی دیرینہ ہیں۔ پاکستان سعودی عرب کے ساتھ اپنے تعلقات کو بہت اہمیت دیتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ سعودی عرب میں کام کرنے والے 20 لاکھ پاکستانی ہمارا قیمتی اثاثہ ہیں۔ وزیرداخلہ شیخ رشید احمد کا کہنا تھا کہ پاکستانی ورکرز کی بہترین دیکھ بھال پر سعودی حکومت کے شکر گزار ہیں۔
ملاقات میں مشیر برائے احتساب بریگیڈیئر ریٹائرڈ مصدق عباسی اور سیکرٹری داخلہ یوسف نسیم کھوکھر سمیت دیگرحکام کی شرکت کی۔ سعودی وزیر داخلہ پرنس عبدل عزیر بن سعود بن نائف کیساتھ 7 رکنی اعلی سعودی حکام کا وفد بھی پاکستان پہنچا ہے۔
سعودی وزیر داخلہ وزیراعظم عمران خان، صدر عارف علوی اور دیگر شخصیات سے بھی ملاقات کریں گے۔