ٹی 20 ورلڈ کپ کے پاکستان اور انڈیا میچ کی 60 ہزار سے زائد ٹکٹیں فروخت
پاکستان اور انڈیا کے درمیان میچ 23 اکتوبر کو منعقد ہوگا۔ فوٹو اے ایف پی
پاکستان اور انڈیا کی کرکٹ ٹیموں کے درمیان اکتوبر میں ہونے والے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میچ کے ساٹھ ہزار سے زائد ٹکٹ پہلے سے فروخت ہو گئے ہیں۔
خیال رہے کہ آئی سی سی مینز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میچز رواں سال اکتوبر سے نومبر کے درمیان آسٹریلیا میں کھیلے جائیں گے۔
انٹرنیشنل کرکٹ کونسل آئی سی سی نے اپنی ویب سائٹ پر کہا ہے کہ حریف انڈیا اور پاکستان کے درمیان میچ کے موقع پر میلبرن کرکٹ گراؤنڈ میں آتش بازی کا بھی اہتمام کیا جائے گا۔
سڈنی مارننگ ہیرلڈ نیوز پیپر کے مطابق 23 اکتوبر کو میلبرن کرکٹ گراؤنڈ میں انڈیا اور پاکستان کے درمیان ہونے والے میچ کے ساٹھ ہزار سے زائد ٹکٹ پہلے سے ہی فروخت ہو گئے ہیں۔
اخبار کے مطابق پاکستان کے مقامی وقت پیر کی شام چھ بجے ٹکٹوں کی فروخت شروع ہوئی اور چند ہی گھنٹوں میں ختم بھی ہو گئے۔
دنیا کے بڑے سٹیڈیمز میں شمار ہونے والے میلبرن کرکٹ گراؤنڈ میں انڈیا اور پاکستان کی ٹیمیں دو مرتبہ مدمقابل ہوں گی۔ اس گراؤنڈ میں ایک لاکھ سے زائد شائقین کی گنجائش ہے۔
ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میچز میں انڈیا اور پاکستان کی ٹیمیں چھ مرتبہ مقابل آئی ہیں جن میں پانچ میچز انڈیا نے جیتے۔