Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پاکستان سے ٹی ٹوئنٹی سیریز کے لیے انگلش ٹیم کا اعلان، مورگن کی واپسی

سیریز کا پہلا میچ جمعہ 16 جولائی کو ٹرینٹ بریج نوٹنگھم میں کھیلا جائے گا۔ فائل فوٹو: اے ایف پی
پاکستان کے خلاف تین ٹی ٹوئنٹی میچز کی سیریز کے لیے انگلیںڈ کی ٹیم کا اعلان کر دیا گیا ہے جس میں ایک روزہ سیریز میں کلین سویپ کرنے والی ٹیم کے صرف چار کھلاڑیوں کو جگہ ملی ہے۔
خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق انگلینڈ کی ٹیم کے کپتان آئن مورگن کی واپسی ہوئی ہے جو کھلاڑیوں میں کورونا وائرس کے کیسز آنے کے بعد قرنطینہ میں تھے۔
تین کھلاڑیوں اور ٹیم کے آفیشلز میں شامل چار سٹاف ممبران کے کورونا ٹیسٹ مثبت آنے کے بعد انگلینڈ کرکٹ بورڈ نے پاکستان کے خلاف ایک روزہ میچز کی سیریز کے لیے نئی ٹیم سیلیکٹ کی تھی جس کی کپتانی بین سٹوکس کو دی گئی۔
سیریز کے لیے پہلے سے اعلان کی گئی پوری ٹیم کو قرنطینہ کرنے اور نئی ٹیم میدان میں اتارنے کے باوجود انگلش کھلاڑیوں نے پاکستان کو تینوں میچز بھی شکست دی۔
انگلینڈ کرکٹ ٹیم اس وقت ایک روزہ میچز کی ورلڈ چیمپیئن ہے۔
ایجبسٹن کے تیسرے اور آخری ایک روزہ میچ میں سینچری کرنے والے انگلش کھلاڑی ونس کو پاکستان کے خلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز کے لیے منتخب نہیں کیا گیا۔
ثاقب محمود، لیوس گریگوری اور میٹ پارکنسن کو 20 اوورز کے میچوں کی سیریز کے لیے منتخب کیا گیا ہے جبکہ ڈیوڈ ملان جو انگلش ٹی ٹوئنٹی ٹیم کے ریگولر رکن ہیں نے اپنی جگہ برقرار رکھی ہے۔
جو بٹلر کو بھی ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔
بین سٹوکس کو آرام دیا گیا ہے جو اگلے ماہ انڈیا کے خلاف پانچ میچوں کی ٹیسٹ سیریز کھیلیں گے۔ دیگر کھلاڑیوں میں سیم کورن، کرس ووکس اور مارک ووڈ کو بھی ٹی ٹوئنٹی سیریز کے لیے منتخب نہیں کیا گیا۔

انگلینڈ کرکٹ ٹیم اس وقت ایک روزہ میچز کی ورلڈ چیمپیئن ہے۔ فائل فوٹو: اے ایف پی

انگلیںڈ کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ کرس سلور ووڈ نے انگلینڈ اینڈ ویلز کرکٹ بورڈ کی جانب سے جاری کیے گئے ایک بیان میں کہا ہے کہ ’ٹی ٹوئنٹی سیریز کے لیے ایک ایسی ٹیم منتخب کی ہے جس میں کئی تجربہ کار کھلاڑیوں کی واپسی ہوئی ہے جو آئیسولیشن میں تھے۔‘
انہوں نے کہا کہ ایک روزہ سیریز جیتنے والی ٹیم کے کچھ کھلاڑیوں کو بھی موقع دیا گیا تاکہ انڈٰیا کے خلاف اہم ٹیسٹ سیریز کے لیے بھی کھلاڑیوں کو تیار رکھا جا سکے۔
ٹی ٹوئنٹی سیریز کے لیے انگلش ٹیم میں آئن مورگن، میعن علی، جونی بیئرسٹو، جیک بال، ٹام بینٹن، جو بٹلر، ٹام کورن، لیوس گریگوری، کرس جورڈن، لیام لیونگسٹون، ثاقب محمود، ڈیوڈ ملان، میٹ پارکنسن، عادل رشید، جاسن روئے اور ڈیوڈ ویلے شامل ہیں۔
سیریز کا پہلا میچ جمعہ 16 جولائی کو ٹرینٹ بریج نوٹنگھم میں کھیلا جائے گا جبکہ دوسرا ہیڈنگلے لیڈز میں 18 جولائی کو ہوگا۔
پاکستان اور انگلینڈ کی ٹی ٹوئنٹی سیریز کا تیسرا اور آخری میچ اولڈ ٹریفورڈ مانچسٹر میں 20 جولائی کو کھیلا جائے گا۔

شیئر: