افواج پاکستان کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ کہ بچے کچھے دہشت گردوں‘ ان کے سہولت کاروں اور ساتھیوں کو ہر قیمت پر ختم کر دیا جائے گا۔
ریڈیو پاکستان کے مطابق بدھ کے روز راولپنڈی میں 247 ویں کور کمانڈر کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ ہم طویل عرصے سے دہشت گردوں کے خلاف جنگ لڑ رہے ہیں۔
انہوں نے کہا قوم کی حمایت سے مسلح افواج نے ہر قسم کے دہشت گردوں کے خلاف کامیاب آپریشن کیے ہیں. ’دہشت گردوں اور غنڈہ گرد عناصر کو پنپنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔‘
رپورٹ کے مطابق کانفرنس کو ملک کی سکیورٹی صورتحال خصوصاً بلوچستان میں رونما ہونے والے حالیہ واقعات پر جامع بریفنگ دی گئی۔ ملک دشمن عناصر کی جانب سے پاکستان کو غیر مستحکم کرنے کے خلاف کیے گئے اقدام سے شرکا کو آگاہ کیا گیا۔