Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

راشد لطیف میرے پسندیدہ پاکستانی وکٹ کیپر ہیں: اعظم خان

اعظم خان کے والد معین خان اس وقت کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے کوچ ہیں (فوٹو: اسلام آباد یونائیٹڈ)
اسلام آباد یونائیٹڈ کے وکٹ کیپر بیٹسمین اور پاکستان کے سابق کپتان معین خان کے بیٹے اعظم خان کا کہنا ہے کہ راشد لطیف ان کے پسندیدہ پاکستانی وکٹ کیپر ہیں۔
’ای ایس پی این کرک انفو‘ کو دیے گئے ایک انٹرویو میں اعظم خان کا کہنا تھا کہ انہوں نے اپنے والد معین خان کے بین الاقوامی میچز سٹیڈیم میں بیٹھ کر دیکھے ہیں اور ان سے بہت کچھ سیکھا بھی ہے۔
’میری ان سے ابھی بھی اس حوالے بات ہوتی ہے لیکن میں اپنے والد کو ہمیشہ کہا کرتا ہوں کہ میں راشد لطیف کو فالو کیا کرتا تھا۔‘
اعظم خان کا کہنا تھا کہ انہوں نے راشد لطیف کی وکٹ کیپنگ کے حوالے سے کئی کہانیاں سن رکھی ہیں اور ان سے وہ متاثر ہوئے بغیر نہیں رہ سکے۔
’میں کہوں گا کہ راشد لطیف میرے پسندیدہ پاکستانی وکٹ کیپر ہیں۔‘
واضح رہے اعظم خان کے والد معین خان اس وقت کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے کوچ ہیں اور پاکستان کی قومی ٹیم میں بحیثیت وکٹ کیپر بیٹسمین کھیلتے رہے ہیں۔
راشد لطیف پاکستان کے ایک اور سابق وکٹ کیپر کپتان ہیں۔
نوے کی دہائی میں راشد لطیف اور معین خان کئی میچز اکھٹے کھیل چکے ہیں اور دونوں میں اپنی قومی ٹیم میں سلیکشن کے لیے ہمیشہ سے مقابلہ رہا ہے۔
کراچی کنگز کے خلاف اعظم خان نے منہ کیوں چھپایا؟
گذشتہ رات اسلام آباد یونائیٹڈ نے کراچی کنگز کو ایک سنسنی خیز مقابلے کے بعد ایک رن سے ہرایا تھا۔ میچ کے دوران اعظم خان ایک وقت میں اپنا منہ چھپاتے ہوئے نظر آئے کیوںکہ انہیں یقین نہیں آرہا تھا کہ آصف علی بحیثیت بولر دو وکٹیں بھی لے سکتے ہیں۔
آصف علی کو وکٹ لیٹے دیکھ کر میچ پر کمنٹری کرنے والے مبصر نے اپنے بے ساختہ تبصرے میں کہا ’مائی گڈنس، یہ تو بونس ہوا، ایک اور بونس۔‘ 
آصف علی نے کراچی کنگز کی اننگز کے دوران گیارہویں اوور میں پہلی ہی گیند پر وکٹ حاصل کی جب کہ اوور کی پانچویں گیند پر محمد نبی کو بولڈ کیا تھا۔
پی ایس ایل کے ساتویں ایڈیشن کے دوران اعظم خان کے موضوع گفتگو بنے رہنے کی ایک وجہ ان کے فلک شگاف چھکے بھی ہیں جو انہوں نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے خلاف میچ میں پاکستان کے سابق کپتان شاہد آفریدی کو مارے تھے۔
اس حوالے سے اعظم خان کہتے ہیں کہ ’شاہد آفریدی دنیا کرکٹ کے بڑے سٹارز میں سے ایک ہیں اور پاکستان کے سب سے بڑے سٹار ہیں اور یہ میرا خواب تھا کہ میں ان کے خلاف کھیلوں۔‘ 

شیئر: