2021 میں ابوظبی ایئرپورٹ سے 5.26 ملین مسافروں نے سفر کیا
سال کی آخری سہ ماہی کے دوران 2.43 ملین افراد نے سفر کیا(فوٹو وام)
متحدہ عرب امارات ابوظبی انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے 2021 کے دوران 5.26 ملین مسافروں نے سفر کیا ہے۔
سال کی آخری سہ ماہی کے دوران 2.43 ملین افراد نے سفر کیا جو مسافروں کی کل تعداد کا 46 فیصد ہے۔
ابوظبی کے بین الاقوامی ایئر پورٹس سے ایک سال کے دوران 74.176 پروازیں روانہ ہوئی ہیں۔ 2020 کے مقابلے میں 21.5 فیصد زیادہ رہیں۔ 2020 میں 61.034 پروازیں چلائی گئی تھیں۔
ابوظبی ایئرپورٹس کے چیئرمین شریف الھاشمی نے کہا کہ ’2021 کے آخری تین ماہ کے دوران سفر کرنے والوں کی تعداد میں اضافہ اس بات کی علامت ہے کہ امارات میں فضائی سفر کا شعبہ معمول پر آرہا ہے۔
ابوظبی انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے2021 کے دوران فضائی کمپنیوں کا دائرہ کار وسیع ہوا ہے۔ 103 ائیرپورٹس کے لیے پروازیں چلائی گئی ہیں۔
اعدادوشمار کے مطابق سب سے زیادہ سفر پانچ ممالک کے لیے کیے گئے۔ انڈیا 9 لاکھ 32 ہزار 949، پاکستان 5 لاکھ 50 ہزار 728، مصر 4 لاکھ 46 ہزار883، امریکہ 2 لاکھ 54 ہزار201 اور سعودی عرب 2 لاکھ 44 ہزار 954 افراد نے سفر کیا ہے۔
2021 کے دوران سب سے زیادہ سفر پانچ شہروں قاہرہ ، اسلام آباد، نئی دہلی، لاہور اور ڈھاکا کے لیے کیا گیا۔