برطانیہ: ملکہ الزبتھ کو چلنے پھرنے میں دشواری کی شکایت
برطانیہ: ملکہ الزبتھ کو چلنے پھرنے میں دشواری کی شکایت
جمعرات 17 فروری 2022 7:27
ملکہ برطانیہ نے اپنی ٹانگ میں تکلیف کی شکایت کی تھی۔ فوٹو: اے ایف پی
برطانیہ کی ملکہ الزبتھ دوم نے بدھ کو اپنی مصروفیات کے دوران جسم کی نقل و حرکت میں مسائل کی شکایت کی ہے۔
خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق ونڈسر کاسل میں بحریہ کے دو سینیئر افسران کا خیر مقدم کرتے ہوئے ملکہ الزبتھ کو ایک ویڈیو میں یہ کہتے ہوئے سنا جا سکتا ہے کہ وہ حرکت میں دشواری کی شکایت کر رہی ہیں۔
ملکہ الزبتھ نے افسران سے ملتے ہوئے کہا کہ ’آپ دیکھ سکتے ہیں کہ میں ہل نہیں پا رہی۔‘
لندن کے مغرب میں واقع اپنی رہائش گاہ کے اوک روم میں افسران سے ملاقات کے دوران ملکہ الزبتھ اپنی بائیں ٹانگ یا پیر کی طرف اشارہ کرتے ہوئے بتا رہی تھیں کہ اس میں تکلیف ہے۔
ملکہ برطانیہ کی تکلیف سے متعلق بکنگھم پیلیس کی جانب سے کوئی بیان سامنے نہیں آیا۔
ویڈیو میں یہ ظاہر ہے کہ ملکہ کی طبعیت ناساز نہیں تھی نہ ہی انہیں کوئی چوٹ لگی تھی بلکہ جسم میں کھچاؤ محسوس کر رہی تھیں۔
اس کے علاوہ ملکہ کو کورونا وائرس کا شکار ہونے کے بارے میں بھی خدشات کا اظہار کیا جارہا تھا کیونکہ ان کے بڑے صاحبزادے شہزادہ چارلس میں ان سے ملنے کے دو روز بعد کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی تھی۔
اس کے بعد شہزادہ چارلس کی اہلیہ کمیلا میں بھی وائرس کی تصدیق ہوئی جس کے بعد دونوں میاں بیوی آئیسولیشن میں چلے گئے تھے۔
بکنگھم پیلیس نے یہ نہیں بتایا ہے کہ ملکہ نے کورونا وائرس کا ٹیسٹ کروایا ہے کہ نہیں۔
منگل کو ملکہ نے ونڈسر محل سے آن لائن لنک کے ذریعے ایسٹونیا اور سپین کے برطانیہ میں تعینات نئے سفارتکاروں سے ملاقات کی تھی۔
رواں ماہ کے آغاز میں ملکہ نے شاہی تخت سنبھالنے کی 70 ویں سالگرہ منائی تھی۔ اس موقع پر مشرقی انگلینڈ میں واقع ملکہ الزبتھ کی ایک پراپرٹی سینڈرنگھم میں مقامیوں کے لیے ایک تقریب کا انتظام کیا تھا۔
گذشتہ برس طبعیت کی ناسازی کی وجہ سے ایک رات ہسپتال میں گزارنے کے بعد یہ ان کی سب سے بڑی عوامی تقریب تھی۔
تاہم بکنگھم پیلس کو اس مسئلے پر شفافیت ظاہر نہ کرنے پر تنقید کا نشانہ بنایا گیا تھی۔ جس کے بعد پیلیس نے بتایا تھا کہ انہوں نے اکتوبر میں کچھ ٹیسٹ کروانے کے لیے ایک رات ہسپتال میں گزاری تھی۔