Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

شہزادہ چارلس کا اہلیہ کے ہمراہ جامعہ الازہر کا دورہ

الازہر کے پروفیسرز اور طلباء سے بین المذاہب ہم آہنگی پر اظہار خیال کیا۔ (فوٹو عرب نیوز)
مصر کی جامعہ الازہر کے امام اعلی ڈاکٹر احمد الطیب نے اپنے ایک ٹویٹ میں کہا ہے کہ مجھے شہزادہ چارلس سے مل کر بہت خوشی ہوئی، ان کی شخصیت میں ایک عقلمند اور ذمہ دار رہنما دیکھا، اسلام اور مسلمانوں کے بارے میں ان کی گفتگو میں منصفانہ مغربی آواز محسوس کی ہے۔
عرب نیوز کے مطابق قاہرہ میں الازہر مسجد کے امام نے برطانیہ کے شہزادہ چارلس سے ملاقات پر اپنے جذبات اور خوشی کا اظہار کیا ہے۔
ڈاکٹر احمد الطیب نےمزید کہا کہ ہم نے بین المذاہب موضوعات کو فروغ دینے کی اہمیت، موسمیاتی تبدیلی کے بحران، اور اس کے خطرات کو کم کرنے کے لیے پائیدار حل تلاش کرنے کی ضرورت پر تبادلہ خیال کیا ہے۔

1981میں شہزادہ چارلس نے لیڈی ڈیانا کے ہمراہ مصر کا دورہ کیا تھا۔ (فوٹو عرب نیوز)

برطانیہ کے شہزادہ  چارلس اور ان کی اہلیہ کامیلا  ڈچز آف کارنوال نے الازہر مسجد کے امام احمد الطیب کے ہمراہ جامعہ الازہر کے  کیمپس کا دورہ کیا۔
برطانوی شہزادے نے وہاں پر موجود  پروفیسرز اور طلباء کے ساتھ بین المذاہب ہم آہنگی اور رواداری کے بارے میں اپنے خیالات کا اظہار کیا۔
شہزادہ چارلس اپنی اہلیہ کے ہمراہ دو روزہ دورے پر جمعرات کو مصر کے دارالحکومت  قاہرہ پہنچے تھے جہاں مصری صدر عبدالفتاح السیسی اور ان کی اہلیہ نے ان کا پرتپاک استقبال کیا۔
اس کےعلاوہ شہزادہ چارلس نے مصر میں عیسائی پادری پوپ تواضروس الثانی سے بھی ملاقات کی ہے۔
مصرمیں برطانیہ کے سفیر گیرتھ بیلی نے اپنے ایک ٹویٹ میں کہا ہے کہ اہرام مصر اور سکندریہ کی نئی لائبریری کے عجائبات  دیکھنے کے لیے شاہی مہمان کا والہانہ استقبال کرتا ہوں اور مصر کی جانب برطانوی شہزادے اور ان کی اہلیہ  کا انتہائی گرمجوشی سے استقبال کرنے پر مصر کے میزبانوں کا بے حد مشکور ہوں۔

شہزادہ  چارلس نے جامعہ الازہر کے  کیمپس کا بھی دورہ کیا۔ (فوٹو عرب نیوز)

شہزادہ چارلس اور ان کی اہلیہ کا مصر میں یہ دوسرا سرکاری دورہ ہے۔  شاہی جوڑے نے یہاں کا پہلا دورہ 2006 میں کیا تھا جب وہ عالمی دورے پر تھے۔ اس دورے میں وہ  سعودی عرب بھی گئے تھے۔
اس عالمی دورے کا مقصد بین المذاہب افہام و تفہیم اور رواداری کو فروغ دینا، ماحولیاتی اقدامات کی حمایت کرنا اور نوجوانوں کے لیے روزگار کے پائیدار مواقع اور ان کے لیے تربیتی پروگراموں کو فروغ دینا تھا۔
واضح رہے کہ برطانوی شہزاہ چارلس نے1981میں اپنی سابق اہلیہ لیڈی ڈیانا کے ساتھ ہنی مون کے دوران مصر کا دورہ کیا تھا۔ اس وقت مصر کے صدر انور سادات اور ان کی اہلیہ نے ان کا ااستقبال کیا تھا۔
 

شیئر: