مجھے دلیل سے نہیں غلیظ گالیوں سے جواب دیا جاتا ہے: مراد سعید
مجھے دلیل سے نہیں غلیظ گالیوں سے جواب دیا جاتا ہے: مراد سعید
جمعرات 17 فروری 2022 16:42
وزیر مواصلات مراد سعید کا کہنا ہے کہ ’گذشتہ ایک ہفتے سے ان کے خلاف تماشا لگا ہوا ہے، پہلے یہ لوگ میری ذات کو نشانہ بنارہے تھے تو میں خاموش رہا لیکن اب بات میری وزارت پر آگئی ہے۔‘
پرفارم کرنا گناہ ہے کیا، بحیثیت وزیر مواصلات بہترین کارکردگی دکھانے کے بعد میں حکومت کا چہرہ ہوں، اس لیے مجھے بولنا پڑا۔‘
جمعرات کو اسلام آباد میں نیوز کانفرنس کرتے ہوئے مراد سعید کا کہنا تھا کہ ’میں نے طویل سیاسی جدوجہد کے بعد یہ مقام حاصل کیا۔‘
’ایسا نہیں ہے کہ میں 2013 کی ایک صبح اٹھا اور پھر پارلیمنٹ میں جا پہنچا لیکن قوم کو بتانا چاہتا ہوں کہ پی ٹی آئی سٹوڈنٹس ونگ کا میں بانی ہوں اور اس کی بنیاد میں نے رکھی تھی۔‘
وزیر مواصلات کا کہنا تھا کہ ’میں پارلیمنٹ میں پہنچا تو سب سے پہلے میری ڈگری کا معاملہ اٹھایا، کسی نے سوال نہیں کیا میں خود عدالت گیا اور تین سال تک یہ کیس لڑا اور جیتا۔‘
مراد سعید کہتے ہیں کہ ’میں اپنے جیسے ہر اس شخص کی آواز بننے آیا تھا جن کے گردن پر انہوں نے اپنی طاقت کا گھٹنا رکھا ہوا ہے، جو یہ سمجھتے ہیں کہ یہ پارلیمنٹ ہماری جاگیر اور سیاست ہمارا کاروبار ہے اور یہ ہمیں وراثت میں ملی ہے۔‘
وزیر مواصلات کا کہنا تھا کہ ’جب میں پارلیمنٹ میں ملک میں ہونے والے اور لوٹ مار کے خلاف دلائل سے بات کرتا ہوں تو کبھی میرے خلاف جاوید لطیف کو کھڑا کر کے میرے گھر کی خواتین اور میری بہنوں کے بارے میں غلیظ گفتگو کروائی جاتی ہے۔‘
’کبھی قومی اسمبلی میں میرے خلاف قادر بلوچ، آغا رفیع اللہ اور رانا ثنا اللہ سے غلیظ گفتگو کروائی جاتی ہے۔‘
انہوں نے کہا کہ ’مجھے دلیل سے نہیں غلیظ گالیوں سے جواب دیا جاتا ہے۔‘
’بات یہیں ختم نہیں ہوئی بلکہ جب میں 2018 کے الیکشنز میں جانے لگا تو اس سے دو ہفتے پہلے حال ہی میں ہونے والی غلیظ مہم کا آغاز ہوگیا۔‘
مراد سعید کے مطابق ’2018 میں ایک مرتبہ پھر عام طبقے کا ایک نوجوان بھاری اکثریت سے جیت کر قومی اسمبلی کا رکن اور پھر وزیر مملکت بنا۔‘
’100 روز کے اہداف ملتے ہیں لیکن کسی نے نہیں پوچھا، تبصرہ میرے اوپر کیا جاتا ہے اور وہ بھی غلیظ گفتگو کے ساتھ ہوتا ہے۔‘
وزیر مواصلات کا کہنا تھا کہ ’اس کے بعد پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ ن کا سوشل میڈیا اس گفتگو کو پروموٹ کرتا ہے، ٹی وی چینلز پر روزانہ 50 سے 60 پروگرام ہوتے ہیں، ان میں کیا گفتگو ہوتی ہے۔‘
’میرے بارے میں مخالفین کہتے ہیں کہ مراد سعید بھی تو گالی دیتا ہے، آج تک کسی نے نہیں پوچھا کہ کیا گالی دیتا ہے، جب سوال ہوا تو کہتے ہیں کہ مراد سعید کہتا ہے فرزند زرداری، ان کو میرے خلاف آٹھ سال میں صرف یہ ایک جواب ملا۔‘
ایک سوال کے جواب میں وزیر مواصلات مراد سعید کا کہنا تھا کہ ’ٹی وی چینل پر ان کے خلاف نازیبا گفتگو کرنے والے محسن بیگ کے خلاف ایف آئی اے میں درخواست دائر کر کے انہوں نے اپنا آئینی اور قانونی حق استعمال کیا۔‘