’خاتون اول کے خلاف جھوٹی خبریں پھیلانے پر قانونی کارروائی کی جائے گی‘
اتوار 13 فروری 2022 19:35
سوشل ڈیسک -اردو نیوز
ڈاکٹر شہباز گل نے خاتون اول کے شہر چھوڑنے کی تردید کی ہے۔ (فائل فوٹو: ٹوئٹر)
وزیراعظم پاکستان عمران خان کے معاون خصوصی برائے سیاسی ابلاغ شہباز گل نے خاتون اول کی مبینہ ناراضگی اور اسلام آباد میں اپنی رہائش گاہ بنی گالہ چھوڑ کر لاہور چلے جانے کی خبروں کی تردید کی ہے۔
شہباز گل کی جانب سے جاری کردہ پیغام میں کہا گیا ہے کہ ’خاتون اول اور وزیراعظم دونوں اسلام آباد میں موجود ہیں۔‘
وزیراعظم اور ان کی اہلیہ بشری عمران کے متعلق اطلاعات پر تبصرہ کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ’جو لوگ خاتون اوّل کے بارے جھوٹی خبریں پھیلا رہے ہیں ان کے خلاف سخت قانونی چارہ جوئی کی جائے گی۔‘
خاتون اول کے اسلام آباد چھوڑ کر اپنی دوست کے گھرلاہور منتقل ہو جانے کے متعلق شہباز گل کا کہنا تھا کہ گزشتہ ایک برس کے دوران بشری عمران صرف ایک مرتبہ ایک ہفتہ کے لیے لاہور گئی تھیں، گزشتہ کئی ماہ سے وہ اسلام آباد میں ہی مقیم ہیں۔
شہباز گل کی جانب سے پیغام میں مزید کہا گیا ہے کہ ’سیاست اور صحافت کریں لیکن اہل خانہ جو سیاست میں موجود ہی نہیں ان کے بارے میں جھوٹی، جعلی خبریں دیں گے تو عدالت لے کر جائیں گے۔‘