Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

انڈیا اور متحدہ عرب امارات 100 ارب ڈالر کے معاہدے پر دستخط کریں گے

انڈیا کے لیے عالمی سطح پر متحدہ عرب امارت تیسرا تجارتی شراکت دار ہے (فوٹو: عرب نیوز)
انڈیا اور متحدہ عرب امارات اگلے پانچ برسوں میں 100 ارب ڈالر کے تجارتی معاہدے پر دستخط کے لیے تیار ہیں۔
عرب نیوز نے انڈین میڈیا کی رپورٹس کا حوالہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ کمپریہنسو اکنامک پارٹنرشپ ایگریمنٹ پر ایک اجلاس کے دوران 18 فروری کو دستخط ہوں گے۔ اس اجلاس کی میزبانی وزیراعظم نریندر مودی کریں گے۔
اس معاہدے پر متحدہ عرب امارات کے وزیر معیشت عبداللہ بن طوق المری اور انڈیا کے کامرس اور انڈسٹری کے وزیر پیوش گوئل دستخط کریں گے۔
اس نئے معاہدے سے متحدہ عرب امارات میں انڈین مصنوعات خاص طور پر ٹیکسٹائل، زیورات اور قیمتی پتھروں کی درآمدات میں اضافہ متوقع ہے۔
جمز اینڈ جیولری پروموشنز کونسل کے مطابق انڈیا کے 80 فیصد سے زائد زیورات اور قیمتی پتھر متحدہ عرب امارات سے ایکسپورٹ ہوتے ہیں۔
تاہم کورونا وائرس کی وبا کی وجہ سے زیورات کے کاروبار میں کمی آئی اور توقع ہے کہ اس معاہدے سے یہ شعبہ بحال ہو جائے گا۔
امریکہ اور چین کے علاوہ انڈیا کے لیے عالمی سطح پر متحدہ عرب امارت تیسرا تجارتی شراکت دار ہے۔
کورونا وائرس کی وبا کی وجہ سے (2020 اور 2021) انڈیا اور متحدہ عرب امارات کے درمیان تجارت کم ہو کر 43.3 ارب ڈالر تک آگئی تھی جبکہ 2019 اور 2020 میں دونوں ممالک کے درمیان تجارت کا تخمینہ 59 بلین ڈالر تھا۔

شیئر: