امارات غیرملکیوں کو کفیل کے بغیر طویل المدت اقامے دے گا
مقیم غیرملکیوں کو پانچ سالہ ریٹائرمنٹ ویزا دیا جائے گا(فوٹو ٹوئٹر)
متحدہ عرب امارات کی حکومت نے کہا ہے کہ’ 5 زمروں میں آنے والے غیرملکیوں کو اماراتی کفیل کے بغیر طویل المدت کے اقامے دیے جائیں گے‘۔
الامارات الیوم کے مطابق’ دس اور پانچ سالہ اقامہ بغیر کفیل کے دیا جائے گا۔ امارات میں مقیم غیرملکیوں کو پانچ سالہ ریٹائرمنٹ ویزا دیا جائے گا۔ اقامے مقررہ شرائط پوری کرنے والوں کو دیے جائیں گے۔ گولڈن اقامہ پروگرام متعارف کرایا جائے گا‘۔
امارات نے کہا کہ ’اقامے کی میعاد، ویزے اور کفیل کی نوعیت کے حوالے سے مختلف ہوگی۔ اقامہ ایک ، دو، تین، پانچ اوردس برس کا بھی دیا جاسکتا ہے۔ اس کے لیےغیرملکی کو کفیل کی خدمات کی ضرورت نہیں ہوگی‘۔
اماراتی حکومت نے کہا کہ ’اقامے کے اجرا کی پالیسی میں تبدیلیوں کے مطابق پانچ اوردس سالہ اقامہ مخصوص شرائط کے ساتھ مقررہ زمروں کے افراد کو دیا جائے گا‘۔
امارات نے پانچ سالہ یا دس سالہ طویل المیعاد اقامہ قانون نافذ کردیا ہے۔ اقاموں کی تجدید مطلوبہ شرائط پوری ہونے پر مقررہ نظام کے تحت ہوتی رہے گی۔
امارات نے کہا کہ ’ پانچ سالہ یا دس سالہ اقامے سرمایہ کاروں، نئے قسم کا کاروبار کرنے والوں اور منفرد صلاحیت کے مالک افراد کو دیے جارہے ہیں۔ پانچ سالہ یا دس سالہ اقامہ امارات میں مقیم غیرملکیوں کو بھی دیا جارہا ہے۔ امارات سے باہر رہنے والےغیرملکیوں کو بھی یہ سہولت مہیا ہے۔ غیرملکیوں کے اہل خانہ اماراتی کفیل کی خدمات حاصل کیے بغیر طویل المیعاد اقامے سے فائدہ اٹھا کر امارات میں ملازمت اور تعلیم نیز رہائش کی سہولت حاصل کرسکتے ہیں۔ وہ سو فیصد ملکیت والے کاروبار بھی کرسکیں گے۔ ان کے لیے ضروری نہیں ہوگا کہ وہ کسی اماراتی کو اپنے کاروبار میں شریک کریں‘۔