مسجد الحرام آنے والے زائرین میں دو ہزار افطار پیکٹ تقسیم
مسجد الحرام آنے والے زائرین میں دو ہزار افطار پیکٹ تقسیم
ہفتہ 19 فروری 2022 19:48
عمرہ زائرین کی ضیافت کا نیا پروگرام شروع کیا گیا ہے( فوٹوٹوئٹر حرمین شریفین)
سعودی عرب میں حرمین شریفین انتظامیہ کے ماتحت رضاکارانہ و سماجی خدمات کی ایجنسی نے عمرہ زائرین کی ضیافت کا نیا پروگرام شروع کیا ہے۔
پروگرام کے تحت رمضان میں زائرین کے لیے افطار دستر خوان کا اہتمام کیا گیا تھا۔ پہلی مرتبہ جمعرات کو مسجد الحرام کے زائرین کو دو ہزار افطار پیکٹ تقسیم کیے گئے ہیں۔
سبق ویب سائٹ کے مطابق رضاکارانہ و سماجی خدمات کی ایجنسی زائرین کی خدمت کے لیے ’عمرہ زائرین کی خدمت ہمارے اہلکاروں کے لیے باعث اعزاز‘ سلوگن کے تحت کام کررہی ہے۔
انتظامیہ میں رابطہ انچارج ترکی الحارثی نے بتایا کہ مسجد الحرام کے زائرین کے لیے جو نیا انیشیٹو لیا گیا ہے اس کا مقصد یہ ہے کہ زائرین کو صاف ستھری اور صحت بخش افطار مہیا کی جائے اور کورونا وبا کے ماحول میں وائرس سے بچاؤ کی احتیاطی تدابیر کا بھی خیال رکھا جائے۔
سیکریٹری انتظامیہ امجد الحازمی نے کہا کہ ایجنسی روزہ دار زائرین کے لیے افطار پیکٹ کا اول وقت میں انتظام کرتی ہے۔