سونے کے زیورات کی خریداری، صارف کے حقوق کیا ہیں؟
موتیوں کا وزن پانچ فیصد سے زیادہ ہو تو بل میں اندراج کیا جائے(فوٹو عکاظ)
سعودی وزارت تجارت نے کہا ہے کہ ’سونا خریدنے والے صارف کا حق ہے کہ اگر موتیوں کا وزن پانچ فیصد سے زیادہ ہو تو بل میں اس کا بھی اندراج کیا جائے‘۔
عکاظ اخبار کے مطابق وزارت تجارت نے بیان میں کہا کہ ’سونا خریدنے والے صارف کا حق ہے کہ خریدے گئے زیور کے قیراط، زیور ساز کی علامت کا اندراج اور اگر پرانا زیور فروخت کیا جارہا ہو تو ایسی صورت میں بل میں اس کا تذکرہ بھی کیا جائے‘۔
وزارت تجارت کا کہنا ہے کہ ’دکاندار سے تفصیلی بل بھی طلب کیا جاسکتا ہے جس میں شو روم کا نام، اس کا پتہ، لائسنس نمبر، کمرشل رجسٹریشن کا نمبر، ٹیلیفون نمبر، سودے کی تاریخ، سونے کا وزن، زیور کا بھرپور تعارف اور گاہک کا نام شامل ہو‘۔
’اگر زیور میں موتی جڑے ہوئے ہوں تو ایسی صورت میں ان کا وزن 5 فیصد سے زیادہ ہونے کی صورت میں بل میں اس کی نشاندہی ضروری ہے۔ بل میں قیمتی پتھر اور سونے کا وزن بھی لکھا جائے۔ قیمتی پتھروں سے مراد الماس، یاقوت، زمرد اور قدرتی موتی شامل ہیں‘۔
وزارت تجارت نے مزید کہا کہ ’بل میں قیمتی پتھر کا نام، اس کی نوعیت، صنف، اس کی عمدگی کے معیار، شکل و صورت، وزن وغیرہ تمام تر تفصیلات درج کی جائیں‘۔