ممتاز صحافی اور مصنف پروفیسر ڈاکٹر مہدی حسن انتقال کرگئے
ڈاکٹر مہدی حسن ایک ماہر مبصر و محقق ہونے کے باعث بہترین صحافی رہے (فوٹو ٹوئٹر)
شعبہ صحافت کے نامور استاد پروفیسر ڈاکٹر مہدی حسن انتقال کر گئے ہیں۔
پروفیسر ڈاکٹر مہدی حسن پاکستان کے نامور صحافی، مبصر، سیاسی تجزیہ کار، ماہرِ تعلیم اور ہیومن رائٹس کمیشن کے سابق چیئرمین رہے۔
ڈاکٹر مہدی حسن پنجاب یونیورسٹی کے شعبہ ابلاغیات سے تیس سال وابستہ رہے۔ انہوں نے یونیورسٹی آف لاہور میں صحافت کی تدریس کی۔ اس لے علاوہ وہ بیکن ہاؤس نیشنل یونیورسٹی میں شعبہ ابلاغیات کے ڈین رہے۔
بطور کالم نگار پروفیسر مہدی حسن کا پہلا آرٹیکل روزنامہ امروزمیں شائع ہوا۔ وہ ایک ماہر مبصر و محقق ہونے کے باعث بہترین صحافی رہے ہیں اور انہوں نے پاکستان کے تمام اہم اخبارات میں کالم لکھے۔ انگریزی میں روزنامہ دی نیوز انٹرنیشنل میں باقاعدہ کالم لکھے۔ جبکہ اردو کالم روزنامہ نوائے وقت کے لیے لکھتے رہے ہیں۔
1961 سے 1967 تک وہ پاکستان پریس انٹرنیشنل ( پی پی آئی ) کے رپورٹر اور نیوز بیورو چیف رہے۔ اور اسی دوران پاکستان فیڈریشن آف یونین آف جرنلسٹ (پی ایف یو جی ) میں پانچ بار اعلی عہدے پر رہے۔
وہ 1962 تک ریڈیو پاکستان پر اور 1964 تک ٹیلی وژن پر مبصر اور تجزیہ کار رہے۔ اس کے علاوہ وائس آف امریکا، بی بی سی، ریڈیو جرمنی، ریوٹر اور اے پی اے کے پروگرامز میں بھی شرکت کی۔