Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’خود کے دفاع کا حق ہے‘، سلامتی کونسل کے نام مملکت کا مکتوب

حوثیوں نے ایک صنعا ہوائی اڈے سے ایک بارپھرحملے شروع کردیئے ہیں(فوٹو، ٹوئٹر)
سعودی عرب نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے نام مکتوب میں کہا ہے کہ اسے اپنی سرحد وں ، شہریوں اورمقیم غیر ملکیوں کودہشتگردانہ حملوں سے بچانے کےلیے ضروری اقدامات کا حق حاصل ہے۔
سعودی خبررساں ایجنسی’ ایس پی اے‘ کے مطابق اقوام متحدہ میں سعودی سفارتی مشن کے قائمقام ناظم الامورمحمد عبدالعزیز العتیق نے کہا کہ ایران کے حمایت یافتہ حوثی دہشتگردوں کی غیر اخلاقی سرگرمیوں اور جارحانہ حملوں سے نمٹنے کا حق بین الاقوامی قانون کے بموجب حاصل ہے۔ مملکت کی جانب سےجوابی کارروائی بین الاقوامی قانون کے مطابق ہی کی جاتی ہے۔
سعودی سفارتکارنے سلامتی کونسل کے نام خط میں توجہ دلائی کہ وہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کو اس بات سے آگاہ کرنا چاہتے ہیں کہ مملکت کے فضائی دفاعی نظام نے 21 فروری 2022 کو جیزان ریجن میں واقع شاہ عبداللہ ایئرپورٹ کو نشانہ بنانے کی کوشش کرنے والے حوثیوں کے ڈرون کو تباہ کردیا تھا۔
حوثیوں نے ڈرون کے ذریعے شہریوں کووحشیانہ انداز میں نشانہ بنانے کی کوشش کی تھی انہوں نے مملکت کے بنیادی شہری ڈھانچے کو نشانہ بنایا جس سے مختلف ممالک کے کم از کم 16 شہری متاثر ہوئے ۔
العتیق نے خط میں توجہ دلائی کہ حوثیوں نے صنعا بین الاقوامی ہوائی اڈے سے ایک بار پھرسرحد پار حملے شروع کردیئے ہیں ان کا یہ اقدام بین الاقوامی انسانی قانون کے منافی ہے۔
العتیق نے اس بات پرزوردیا تھا کہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل حوثیوں اور انہیں اسلحہ فراہم کرنے والوں کے حوالے سے اپنی ذمہ داری پوری کرے یہ اقدام علاقائی و بین الاقوامی سطح پرامن وسلامتی کو درپیش خطرات کے خاتمے کےلیے ضروری ہے۔

شیئر: