Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پاکستان آرمی میں لیفٹیننٹ کرنل بننے والے ہندو افسران کون ہیں؟

کپل دیو کے مطابق کیلاش کمار کو پاکستان آرمی میں لیفٹننٹ کرنل کے عہدے پر ترقی دی گئی ہے۔ (فوٹو: ٹوئٹر کپل دیو)
پاکستان کی فوج میں حال ہی میں ترقی پانے والے ہندو برادری سے تعلق رکھنے والے لیفٹیننٹ کرنل کیلاش کمار کو سوشل میڈیا پر بہت سراہا جا رہا ہے اور اسے ملک میں اقلیتوں کے لیے اچھی خبر قرار دیا جا رہا ہے۔
اردو نیوز کو دستیاب تفصیلات کے مطابق لیفٹیننٹ کرنل ڈاکٹر کیلاش کمار کے علاوہ لیفٹیننٹ کرنل ڈاکٹر انیل کمار نے بھی حال ہی میں ترقی پائی ہے۔
ڈاکٹر کیلاش کمار 1981 میں سندھ کے ضلع تھرپارکر میں پیدا ہوئے۔ انہوں نے 2008 میں آرمی میں کمیشن حاصل کیا۔
لیفٹیننٹ کرنل ڈاکٹر انیل کمار کا تعلق بدین سے ہے اور وہ 1981 میں پیدا ہوئے۔ انہوں نے 2007 میں آرمی میں کمیشن حاصل کیا۔
پاکستان میں اقلیتوں کے حقوق کے لیے سرگرم کارکن کپل دیو نے اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر یہ خبر شیئر کرتے ہوئے اسے تاریخی پیش رفت قرار دیا۔
’تاریخ بن رہی ہے۔ کیلاش کمار پہلے ہندو افسر بن گئے جنہیں پاکستان آرمی میں لیفٹیننٹ کرنل کے عہدے پر ترقی دی گئی ہے۔ مبارک ہو کیلاش۔‘
کپل دیو کی ٹویٹ دیکھتے ہی دیکھتے وائرل ہو گئی اور اسے چند گھنٹوں میں ہزاروں لائکس اور ری ٹویٹ مل گئے۔
اس سے قبل بھی 2020 میں کپل دیو نے ٹویٹ کیا تھا کہ پاکستان فوج کی میڈیکل کور میں چھ ہندو افسران ہیں۔ 
 
سینیٹر کرشنا کماری نے اس پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ ’پاکستان آرمی میری آرمی ہے۔ پاکستان زندہ باد۔‘

دل کی دھڑکن پاکستان نامی ٹوئٹر اکاؤنٹ نے اس پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ ’اسی طرح پاکستان ترقی کرے گا۔ مسلمان، مسیحی، ہندو، سکھ۔ پارسی سمیت سب پاکستانی زندہ باد۔‘

سید رضوی نامی اکاؤنٹ نے انہیں مبارکباد دیتے ہوئے لکھا کہ ہر پاکستانی کو برابر کے حقوق ملنے چاہئیں۔ چاہے ان کا کوئی بھی رنگ، نسل مذہب یا علاقہ ہو۔‘

 

شیئر: