امارات آنے والے ویکسین شدہ مسافروں کے لیے پی سی آر ٹیسٹ کی پابندی ختم
یکم مارچ سے کورونا ایس او پیز میں نرمی شروع کی جائے گی. ( فائل فوٹو اے ایف پی)
متحدہ عرب امارات نے کورونا ایس او پیز میں نرمی کا اعلان کیا ہے اور مکمل ویکسین کروانے والے مسافروں کے لیے پی سی آر ٹیسٹ رپورٹ کی پابندی ختم کردی ہے۔
امارات الیوم کے مطابق ایمرجنسی، کرائسز اینڈ ڈیزاسٹر مینجمنٹ کے قومی ادارے نے ملک کے متعلقہ اہم اداروں کے ساتھ یکجہتی سے اعلان کیا ہے کہ یکم مارچ سے کورونا ایس او پیز میں نرمی شروع کی جائے گی۔
بیان میں کہا گیا کہ ’بند مقامات پر ماسک کے استعمال کو لازمی اور کھلے مقامات پر اختیاری کردیا گیا ہے۔‘
کورونا کے متاثرین سے ملنے والوں کے لیے ہاؤس آئسولیشن کی پابندی ختم کی جا رہی ہے، البتہ سرکاری ملازمین کے لیے یہ بات ضروری ہو گی کہ وہ کورونا کے مریض سے ملنے کی صورت میں پانچ دن کے اندر دو مرتبہ پی سی آر ٹیسٹ کرائیں۔ دونوں کے درمیان 48 گھنٹے کا وقفہ رکھنا ہوگا۔
قومی ادارے نے بیان میں کہا کہ ’متاثرین کے حوالے سے ہاؤس آئسولیشن جاری رہے گی۔ اس میں کوئی تبدیلی نہیں ہوگی‘۔
ادارے نے فیصلہ کیا ہےکہ ’کورونا وبا سے قبل اذان اور تکبیر کے درمیان جتنا وقت دیا جاتا تھا اب اسے بحال کردیا گیا ہے۔ مساجد میں قرآن کریم کے نسخے بھی خاص تعداد میں دوبارہ رکھ دیے جائیں گے البتہ ہر نماز کے بعد قرآن پاک کے نسخوں کو سینیٹائز کیا جائے گا۔ مساجد میں نمازیوں کے درمیان ایک میڑ کا سماجی فاصلہ برقرار رہے گا۔‘
بیان کے مطابق ’بیرون ملک سے امارات آنے والوں سے کورونا ویکسین سرٹیفکیٹ کی پابندی برقرار رہے گی اور ان سے کیو آر کوڈ کے ساتھ مصدقہ ویکسینیشن سرٹیفیکٹ طلب کیا جائے گا۔ ایسے افراد سے جنہوں نے ویکسین کی خوراکیں نہ لی ہوں ان سے پی سی آر ٹیسٹ رپورٹ طلب کی جائے گی۔‘
امارات میں سیاحتی اور کاروباری اداوں میں سماجی فاصلے کی پابندی ختم کی جا رہی ہے البتہ بند مقامات پر حفاظتی ماسک استعمال کرنے ہوں گے ہرعمر کے لوگوں کے لیے سپورٹس سرگرمیاں بھی بحال کی جا رہی ہیں، شائقین پر گرین پاس یا پی سی آر کی رپورٹ طلب کی جاتی رہے گی۔