Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پاکستان سے اب دبئی اور شارجہ جانے کے لیے ریپڈ اینٹی جن ٹیسٹ لازمی نہیں

سول ایوی ایشن حکام  کے مطابق دبئی پہنچنے پر مسافروں کا پی سی آر ٹیسٹ لیا جائے گا: فائل فوٹو اے ایف پی 
پاکستان سول ایوی ایشن اتھارٹی کے مطابق پاکستان سے دبئی اور شارجہ جانے والے مسافروں کو اب ایئر پورٹ پر ریپڈ اینٹی جن ٹیسٹ سے نہیں گزرنا پڑے گا۔  
سول ایوی ایشن اتھارٹی کے ترجمان نے اردو نیوز کو بتایا کہ ’متحدہ عرب امارات کے حکام کی جانب سے پاکستان سے دبئی اور شارجہ جانے والے مسافروں کے لیے ایئر پورٹس پر ریپڈ اینٹیجن ٹیسٹ کی شرط کو ختم کر دیا گیا ہے اس لیے اب مسافروں کو سفر سے 6 گھنٹے قبل ٹیسٹ نہیں کروانا پڑے گا۔‘  
انہوں نے بتایا کہ اس فیصلے کا اطلاق 22 فروری کو پاکستانی وقت کے مطابق شام 7 بجے سے ہوگا۔
ترجمان کے مطابق اماراتی حکام نے اس حوالے سے سول ایوی ایشن اتھاڑی پاکستان کو آگاہ کر دیا ہے۔  
سول ایوی ایشن حکام  کے مطابق متحدہ امارات کی شہریت رکھنے والے مسافروں کو 4/8 گھنٹے قبل کرائے جانے والے پی سی آر ٹیسٹ سے بھی استثنی دیا گیا ہے تاہم دبئی پہنچنے پر ان کا پی سی آر ٹیسٹ لیا جائے گا۔ 
ترجمان کے مطابق’ دبئی اور شارجہ کے مسافروں پر 48 گھنٹے قبل پی سی آر ٹیسٹ کی شرط برقرار ہے، پاکستان سے مسافروں کو پی سی آر منفی رپورٹ پیش کرنا ہوگی جبکہ دبئی اور شارجہ پہنچنے پر بھی پی سی آر ٹیسٹ لیا جائے گا۔‘  
انہوں نے بتایا کہ دبئی کے ٹرانزٹ مسافروں کے لیے پی سی آر ٹیسٹ کی شرط لازمی نہیں تاہم ٹرانزٹ مسافروں جس ملک جانا چاہتے  ہیں اس ملک کی ایس او پیز پر عمل کرنا لازمی ہے۔  
واضح رہے کہ اماراتی حکام نے پاکستان سے آنے والے مسافروں کا ریپڈ اینٹی جن ٹیسٹ کی شرط عائد کی تھی جو کہ ایئر پورٹ پر سفر سے 2 گھنٹے قبل لیا جاتا تھا۔
مسافروں کی رش کے باعث ایئر پورٹ انتظامیہ نے تمام مسافروں کو پرواز سے 6 گھنٹے قبل ہی ایئر پورٹ پہنچنے کی ہدایت کی تھی۔  
اس سلسلے میں ایئر پورٹ پر ریپڈ اینٹی جن ٹیسٹ کے لیے خصوصی ڈیسک بھی قائم کیے گئے تھے۔  

شیئر: