روسی فوج کو یوکرین پر حملے کا دائرہ وسیع کرنے کا حکم: وزارت دفاع
روسی فوج کو یوکرین پر حملے کا دائرہ وسیع کرنے کا حکم: وزارت دفاع
ہفتہ 26 فروری 2022 20:09
روس نے ابھی تک نہیں بتایا کہ اس کے کتنے فوجی ہلاک ہوئے ہیں (فوٹو: اے ایف پی)
روس کی وزارت دفاع نے کہا ہے کہ یوکرین کی جانب سے بیلا روس میں مذاکرات کی پیش کش رد کیے جانے کے بعد فوج کو یوکرین پر ہر طرف سے حملہ کرنے اور اس کا دائرہ بڑھانے حکم دیا گیا ہے۔
فرانسیسی خبر رساں ایجنسی اے ایف پی کے مطابق روسی فوج کے ترجمان نے ایک بیان میں کہا ہے کہ ’یوکرین کے مذاکرات سے انحراف کے بعد تمام یونٹس کو حکم دیا گیا ہے کہ آپریشن کے پلان کے تحت ہر طرف سے آگے بڑھیں۔‘
کریملن نے جمعے کو کہا تھا کہ ولادیمیر پوتن مذاکرات کے لیے اپنا وفد بیلا روس بھیجنے کو تیار تھے، لیکن یوکرین اس کے بجائے پولینڈ کے دارالحکومت وارسا میں بات چیت کرنا چاہتا تھا۔
یوکرین کا کہنا ہے کہ اس پر بیلا روس سمیت کئی اطراف سے حملہ کیا جارہا ہے، تاہم روس کا کہنا ہے روسی افواج نے عام شہریوں پر حملے نہیں کیے۔
یوکرین کے وزیر صحت نے کہا ہے کہ سنیچر تک روسی حملوں سے تین بچوں سمیت 198 عام شہری ہلاک ہوچکے ہیں۔
اے ایف پی کے مطابق سنیچر کو انہوں نے کہا کہ ’بدقسمتی سے حملہ آوروں نے ہمارے 198 افراد کو ہلاک کیا ہے جن میں تین بچے بھی شامل ہیں۔ زخمیوں کی تعداد 1100 سے زیادہ ہو چکی ہے جن میں 33 بچے بھی ہیں۔‘
روس نے ابھی تک نہیں بتایا کہ اس کے کتنے فوجی ہلاک ہوئے ہیں۔ ماسکو کا کہنا ہے کہ اس کا مقصد یوکرین کو ’نازیوں‘ سے پاک کرنا ہے۔
برطانوی خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق سنیچر کو یوکرین کے حکام نے کہا ہے کہ روسی افواج نے دارالحکومت کیئف سمیت دیگر شہروں پر میزائل داغے اور دیگر بھاری ہتھیاروں کا استعمال کیا۔ کیئف کے ایئرپورٹ سمیت شہر کا مرکز بھی میزائل حملوں کا نشانہ بنا۔
روس کا کہنا ہے کہ اس نے یوکرین کے فوجی اہداف کو کروز میزائلوں سے نشانہ بنایا ہے۔